لاہور (جیوڈیسک) پنجاب حکومت نے خسرہ کیس میں ڈی جی ہیلتھ سروسز پنجاب ڈاکٹر تنویر احمد کو معطل کر دیا، خسرہ کیس میں تحقیقاتی ٹیم نے 3 سیکریٹریز صحت اور 2 ڈی جی ہیلتھ سروسز پنجاب کو ذمے دار ٹھہرایا تھا۔ پنجاب حکومت کے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق خسرہ کیس میں ڈی جی ہیلتھ سروسز پنجاب ڈاکٹر تنویر احمد کو معطل کر دیا گیا۔
تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق 3 سیکریٹریز صحت اور 2 ڈی جی ہیلتھ سروسز پنجاب کو ذمیدار ٹھہرایا گیا تھا لیکن ڈاکٹر تنویر کی معطلی کے علاوہ باقیوں کے بارے میں فی الحال خاموشی اختیار کی گئی ہے۔
خسرہ تحقیقاتی ٹیم نے سابق سیکریٹری صحت فواد حسن فواد، جہانزیب خان، عارف ندیم اور سابق ڈی جی ہیلتھ محمد اسلم چودھری اور ڈائریکٹر ای پی آئی ارشد اقبال ڈار کو بھی ذمے دار قرار دیا تھا، ان افسروں پر خسرہ کے پھیلاو اور اموات کے حوالے سے لاپروائی برتنے کے الزامات ہیں۔