کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا ہے کہ امراض سے متعلق آگاہی کے ذریعے مرض کا خاتمہ ممکن اور صحت مند معاشرے کو فروغ دیا جاسکتا ہے ادارے نگلیریا امیبہ،خسرہ ،پولیواور انسداد ڈینگی کے حوالے سے انسانی زندگی کی حفاظت کے لئے موثر اقدامات کریں۔
مہلک امراض سے عوامی زندگیوں کو بچانے کے لئے احتیاطی تدابیر کے حوالے سے عوامی شور کو بیدار کیا جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ ہیلتھ اور شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کے افسران کے ہمراہ جاری خسرہ مہم کے معائنے کے لئے شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر محکمہ ہیلتھ کے افسران و ہیلتھ ورکرز سے گفتگو کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے کہاکہ نگلیریا امیبہ کے پھیلائو کو روکنے کے لئے عوام کو احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا جائے اس حوالے سے احتیاطی تدابیر کی عوام کو آگاہی کے لئے تشہیری مہم چلا ئی جائے تاکہ احتیاطی تدابیر کے ذریعے اس جان لیوا مہلک مرض سے محفوظ رہا جاسکے انہوں نے کہاکہ نیگلریا گرم پانی میں پرورش پاتا ہے اور ناک کے ذریعے انسانی دماغ میں داخل ہوکر موت کا سبب بنتا ہے۔
لہذا اس مہلک مرض سے عوامی زندگی کو بچانے کے لئے ضروری ہے کہ سوئمنگ پول میں نہانے سے گریز کیا جائے اور وضوکے استعمال کے لئے پانی میں کلورین کی مطلوبہ مقدار شامل کیا جائے نشاط ضیاء قادری نے کہاکہ حق پرست صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر صغیر احمد امراض کے پھیلائو کے روکنے خصوصاً نگلیریا سے عوامی زندگیوں کو محفوظ بنا نے کی ذاتی دلچسپی لے رہے انہوں نے کہاکہ اگر نچلی سطح پر ادارے باہمی تعاون کے ذریعے بروقت اقدامات کریں تو نگلیریا کو پھیلنے سے روکا جاسکتا ہے بعد ازاں حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کرکے صوبائی وزیر صحت کی خصوصی ہدایت پر خسرہ کے پھیلائو کو روکنے کے لئے جاری ایمرجنسی مہم کا معائنہ کیا اور محکمہ ہیلتھ شاہ فیصل ٹائون کی کا رکردگی کو سراہتے ہوئے ہیلتھ ورکرز کو ہدایت کی کہ انتہائی ایمانداری کے ساتھ فرائض کی انجام ہی کو پورا کرتے ہوئے ہر بچے کو خسراہ سے بچائو کے ٹیکے لگا ئے جائیں تاکہ مستقبل کے معماروں خسرہ کے مرض سے محفوظ بنایا جا سکے۔