اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہاہے مہنگائی کا زور6 سے 8 ماہ میں ٹوٹے گا اور چیزیں سستی ہوں گی۔
وزیرخزانہ شوکت ترین نے ایک ٹی وی انٹرویومیں کہا تیل کی عالمی قیمتوں نے بوجھ ڈالا ہوا ہے جبکہ ٹیکسوں میں کمی کے باعث ماہانہ 70 ارب روپے نقصان ہورہاہے، حکومت کا یہی نعرہ ہے مہنگائی کا توڑ اور آمدن پر زور،وزیراعظم درمیانے طبقے، تنخواہ دار، موٹرسائیکل اور چھوٹی گاڑی والوں کیلیے جلد پروگرام کا اعلان کریں گے۔
انھوں نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈائریکٹرپبلک منیجمنٹ طارق نیازی سے ملاقات، قطرکے وزیرتوانائی سعدشریدہ الکابی ، سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد الفلیح سے ورچوئل اجلاس اورای کامرس وڈیجیٹل پالیسی سے متعلق اجلاس میں کہا حکومت نے ٹیکس کی بنیاد وسیع ، ریٹیل سیلز کی نگرانی، سنگل ونڈو آپریشن، ٹریک اینڈ ٹریس نظام کے ذریعے محصولات کی وصولی بہتر بنانے سمیت کئی اقدامات کئے ہیں۔