سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب کی وزارت صحت نے کل منگل کے روز مکہ معظمہ میں کرونا ویکسین کی فراہمی کا آغاز کر دیا ہے۔
مکہ معظمہ کی العابدین کالونی میں قائم جامعہ ام القریٰ میں ویکسی نیشن سینٹر قائم کیا گیا ہے جس میں ایک روز میں چار ہزار افراد کو کرونا ویکسین دی جا سکتی ہے۔
سعودی وزارت صحت کے ترجمان حمد بن فیحان العتیبی نے بتایا کہ جامعہ ام القریٰ میں قائم ویکسینیشن مرکز میں بہ مرحلہ وار ویکسین کی فراہمی کا آغاز کردیا ہے۔ مرکز میں چھ پوائنٹ پر یومیہ چار ہزار افراد کو ویکسین لگائی جائے گی۔ اس مرکز میں ویکسین کی فراہمی ایک ہفتے تک جاری رہے گی۔ ابتدائی مرحلے میں شام کے اوقات میں اور بعد میں صبح اور شام دو شفٹوں میں اس مرکزمیں کرونا ویکسین لگائی جائے گی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ام القریٰ ویکسینیشن سینٹر مکہ معظمہ میں شہریوں کو ویکسین لگانے کا سب سے بڑا مرکز ہے۔ وزارت صحت آنے والے دنوں میں شاہ عبداللہ میڈیکل کمپلیکس، الشرائع، المعابدہ، العوالی اور التخصصی کالونی میں قائم بنیادی طبی مراکز میں کرونا ویکسین مراکز قائم کیے جائیں گے۔