واشنگٹن (جیوڈیسک) طالبان نے پاکستانی میڈیا کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے مجاہدین پر تنقید کا سلسلہ بند نہ کیا تو وہ صحافیوں پر حملوں کا سلسلہ شروع کردیں گے۔
دنیا بھر کے میڈیا گروپس کو ایک پیغام میں تحریکِ طالبان پاکستان نے یہ بھی کہا کہ اگر اب بھی تنقید کا سلسلہ نہ روکا تو صحافیوں کو ان کی غلطی پر معافی کا موقع پھر نہیں مل سکے گا۔
پاکستان کے قبائلی علاقے میں مہمند ایجنسی سے طالبان میڈیا کمیشن نے ایک پیغام جاری کیا ہے، دستخط شدہ اس پیغام میں صحافیوں کو یاد دلایا گیا ہے کہ طالبان 2000ء سے 2014ء تک ان کے ‘ناقابلِ برداشت رویّے’ کو برداشت کررہے ہیں، لیکن اب وقت آگیا ہے کہ اسے بند ہوجانا چاہیے۔
‘عالمی جنگ کے نظریات اور ذرائع ابلاغ کے رویے’ کے عنوان سے یہ پیغام ان تنظیموں کے سربراہان اور اراکین کو بھی بھیجا گیا ہے، جو دنیا بھر میں میڈیا کے حقوق کے لیے کام کرتی ہیں۔ ان تنظیموں میں رپورٹرز وِد آؤٹ بارڈر اور صحافیوں کے لیے بنائی گئی امریکی کمیٹی بھی شامل ہیں۔