میڈیا کی غیر جانبداری و حب الوطنی شکوک و شبہات سے بالاتر ہے طاہر حسین
Posted on March 3, 2013 By Noman Webmaster کراچی
کراچی : پاکستانی میڈیا کا غیر جانبدارانہ کردار قابل توصیف ہے ریاست کے پانچویں ستون نے ہمیشہ غیر جانبداری و حب الوطنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے استحکام پاکستان اور فلاح عوام کیلئے جس دیانتداری و فرض شناسی کا ثبوت دیا ہے اس کیلئے پرنٹ و الیکٹرونک میڈیا اور اس سے وابستہ ہر فرد خراج تحسین کا مستحق ہے۔آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے ڈپٹی انفارمیشن سیکریٹری طاہر حسین نے کراچی پریس کلب میں میڈیا کی خدمات پر صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف نے میڈیا کو جو آزادی دی میڈیا نے ثابت کیا کہ وہ اس کا مستحق اور پاکستان و عوام کے تحفظ و ترقی کا امین ہے۔
جس کا اعتراف پرویز مشرف بھی نہ صرف ہر سطح پرکرتے ہیں بلکہ انہیں میڈیا پر مکمل اعتماد بھی ہے کیونکہ میڈیا نے نہ صرف ہمیشہ ملک و ملت کی سلامتی کیلئے اپنا پیشہ ورانہ کردار پوری تندہی دیانتداری و فرض شناسی سے ادا کیا ہے بلکہ مستقبل میں بھی میڈیا نمائندگان حق و سچ کہنے اور غیر جانبدارانہ کردار ادا کرتے ہوئے ہر لمحہ عوام کو حقائق سے باخبر رکھنے کیلئے پرعزم ہیں۔
طاہر حسین نے مزید کہا کہ عوام کو توقع ہے کہ مشرف سے خوفزدہ کرپٹ وعوام دشمن عناصر اور روایتی سیاستدانوں کی بغض مشرف میں ملک و قوم کے خلاف کی جانے والی تمام سازشوں کو میڈیا یقینا ناکام بنادے گا اور اپنا روایتی محبانہ کردار ادا کرتے ہوئے ملک و ملت کے مفاد میں اپنی پیشہ ورانہ خدمات دیانتداری سے انجام دیتا رہے گا۔