اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان کے وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان میں میڈیا کے اداروں کو اپنا بزنس ماڈل تبدیل کرنا ہو گا۔ صرف حکومت کے وسائل پر میڈیا کے ادارے چلانا ممکن نہیں ہے۔
کراچی پریس کلب میں چھاپے مارے جانے کے حوالے سے فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ کوئی بھی جو غیر قانونی سرگرمی میں ملوث ہو گا، اسے گرفتار کرنے کا حق قانون نافذ کرنے والے اداروں کو حاصل ہے۔
صحافی نصراللہ کی گرفتاری کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اطلاعات کی بنیاد پر چھاپہ مارا اور جو افراد گرفتار ہونے تھے وہ ہو گئے ہیں اور اب وہ نتائج کا سامنا کریں گے۔
وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے سینسر شپ اور میڈیا پر دباؤ کے حوالے سے انہوں نے تمام اطلاعات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہم اتنے طاقتور نہیں کہ میڈیا کے اداروں میں لوگوں کو نوکریوں سے نکلوا سکیں۔ حکومت یہ جرات نہیں کر سکتی کہ کسی شخص کو رکھنے یا نکالنے کے لیے میڈیا سے بات کرے۔ میڈیا ہاؤسز بہت تگڑے ہیں۔ اس حوالے سے آنے والے تمام تر اطلاعات غلط ہیں۔
پاکستان کے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا مکمل انٹرویو ہم کل اپنے ٹیلی وژن شو ویو360 اور ویب پر پیش کر رہے ہیں۔