بنگلہ دیش کیساتھ سیریز مشکل، بھارت کو قائل کروں گا: شہریار

Shahryar Khan

Shahryar Khan

لاہور (جیوڈیسک) چیئرمین پی سی بی کا کہنا ہے کہ وہ کل بھارت جا کر وہاں حکومتی عہدیداروں اور بی سی سی آئی حکام سے پاک بھارت سیریز کی بحالی پر بات کرینگے، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سکیورٹی کی بہتری کے ساتھ ہی غیر ملکی ٹیموں کے دورے شروع ہو جائیں گے تاہم انہوں نے بنگلہ دیش کیساتھ باہمی سیریز کے انعقاد کو مشکل قرار دیدیا۔

گزشتہ روز میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہر یار خان نے کہا کہ بھارتی بورڈ کو حکومت کی تبدیلی کے بعد اس حوالے سے دوبارہ اجازت لینا ہوگی، میں خود وہاں جاکر سیریز کی راہ ہموار کرنا چاہتا ہوں، وہاں حکومتی نمائندوں سے ملاقات کر کے انہیں سیریز کیلئے قائل کروں گا۔

ان کا کہنا تھاکہ بی سی سی آئی کے صدر جگ موہن ڈالمیا سے ان کی پرانی جان پہچان ہے اوروہ ان سے ملنے کی کوشش بھی کریں گے جبکہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری سے ان کی ملاقات طے ہے۔