لاہور (جیوڈیسک) وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ اگر میڈیا کی آزادی متاثر ہوگی تو جمہوری عمل متاثر ہو گا، ورکنگ جرنلسٹ کا کردار لائق تحسین ہے ۔ لاہورمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر قانون پنجاب کا کہنا تھا کہکیبل آپریٹرز کو ڈرا یا دھمکا کر کنٹرول کرنے کارواج چل پڑا تو یہ ایک چینل تک نہیں ٹھہرے گا، اس کا شکار تمام میڈیا ہاوٴسز، اخبارات اور رسائل ہوں گے، پھر میڈیا کی آزادی قصے کہانیوں میں ملے گی یہ ہمارے نصیب میں نہیں رہے گی۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ میڈیا کو قانون اور ضابطے کے تحت ہی ریگولیٹ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں نے میڈیا کی آزادی کیلئے مثالی اتحاد کا مظاہرہ کیا ہے، انشاء اللہ صحافیوں کی جدوجہد کامیابی سے ہمکنار ہو گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ایوان صحافت کی آزادی کیلئے آپ کے ساتھ کھڑا ہے۔