میڈیا تنظیموں کا حامد میر پر حملے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

Hamid Mir

Hamid Mir

لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کی تنظیموں نے سینئر اینکر حامد میر پر قاتلانہ حملے اور جنگ جیو کو بند کرنے کی کوششوں کے خلاف پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا، شرکانے یہ عزم ظاہر کیا کہ کسی ادارے کی بندش کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ لاہور میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس ، الیکٹرانک میڈیا رپورٹرز ایسوسی ایشن اور الیکٹرانک میڈیا کیمرہ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام مال روڈ چئیرنگ کراس میں صحافیوں نے حامد میر پر قاتلانہ حملے کیخلاف مظاہرہ کیا، شرکاء نے ملزمان کی عدم گرفتاری اور جنگ جیو کی بندش کی دھمکیوں کیخلاف پر زور احتجاج کیا۔

مظاہرے میں شریک صحافیوں نے خود کو علامتی ہتھکڑیاں لگا رکھی تھیں ، پی ایف یو جے کے رہنما عامر سہیل، شاہد چودھری، فرخ بصیر، ناصر نقوی ، اینکا کے صدر وحید بٹ، ایمرا کے صدر عاصم نصیر، سابق سیکریٹری لاہور پریس کلب میاں عابد ، سول سوسائٹی کے نمائندے عبداللہ ملک اور جمعیت علماء پاکستان کے رہنما سید نورالمصطفیٰ نے خطاب کیا، ان کا کہنا تھا کہ حامد میر کے ملزمان کی گرفتاری تک احتجاج جاری رہے گا ، کسی بھی ادارے کی بندش کو قبول نہیں کیا جائیگا۔