اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف نے بتایا ہے کہ چھ ستمبر کو پاک نیوی کے ڈاکیارڈ پر دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنا دیا گیا، ایک دہشتگرد کا تعلق وزیرستان سے تھا۔
قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ ایک جنگ پاکستانی فوج لڑ رہی ہے اور دوسری انا کی جنگ پارلیمنٹ کے باہر کرائے کے لوگ لڑ رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ انا کی جنگ لڑنے والوں کو شکست ہو گی، آئین اور قانون کی فتح ہو گی۔
میں میڈیا سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ انا کی جنگ اور پاکستان کیلئے جنگ لڑنے والوں کی تفریق کریں، دھرنے کی بجائے آپریشن ضرب عضب کو ترجیح دی جائے ۔انھوں نے کہا کہ ڈاکیارڈ پر حملے کے سلسلے میں سات حملہ آوروں کو گرفتار کر لیا گی اہے۔
جوابی کارروائی میں تین دہشتگرد مارے گئے۔ شہید ہونے والوں میں سابق نیول افسر بھی شامل تھے۔ ڈاکیارڈ حملے میں گرفتار افراد سے مذہبی کتابیں بھی ملی ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ ڈاکیارڈ حملہ ضرب عضب کا ردعمل ہو سکتا ہے۔