بھمبر کی خبریں 29/11/2014

Bhimber

Bhimber

میڈیا کی خبر پر ایکشن انتظامیہ نے اندرون شہر بھاری ٹریفک کے داخلے پر پابندی لگا دی

بھمبر (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) میڈیا کی خبر پر ایکشن انتظامیہ نے اندرون شہر بھاری ٹریفک کے داخلے پر پابندی لگا دی شہریوں کا انتظامیہ کے اقدام پر خوشی کا اظہار تفصیلات کے مطابق میڈیا نے خبروں کے ذریعے بھمبر اندرون شہر دن کے اوقات میں چلنے والی بھاری ٹریفک اور اس سے پیدا ہونے والی صورتحال کی نشاندہی کی تھی جس پر ایکشن لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144 کے تحت اندرون شہر صبح 8 بجے سے لیکر دن 3 بجے تک ہر قسم کی ٹرک، ڈمپر، ہیوی مشینری اور ٹریکٹر ٹرالیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے اسسٹنٹ کمشنر چوہدری طالب حسین نے ضلعی ٹریفک پولیس انچارج اور سٹی تھانہ پولیس بھمبر کو بھاری ٹریفک پر عائد پابندی پر عملدرآمد کروانے اور خلاف ورزی کرنیوالوں سے سختی سے نمٹنے کی ہدایت کی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سکول و کالجز کے طلباء و طالبات کو لانے اور لے جانے والی کٹھارا بسیں اور ویگنیں بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ لیے سڑکوں پر رواں دواں

بھمبر ( ڈسٹرکٹ رپورٹر ) سکول و کالجز کے طلباء و طالبات کو لانے اور لے جانے والی کٹھارا بسیں اور ویگنیں بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ لیے سڑکوں پر رواں دواں ٹریفک پولیس کارروائی کرنے سے گریزاں اور کسی بڑے حادثے کی منتظر عوامی، شہری، حلقوں اور والدین کا کٹھارا بسوں اور ویگنوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ تفصیلات کے مطابق بھمبر میں سکولز و کالجز سے منسلک ٹرانسپورٹ جس میں بسیں اور ویگنیں شامل ہیں انتہائی مخدوش حالت اور بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ لیے سڑکوں پر رواں دواں ہیں میڈیا کی نشاندہی کے باوجود ٹریفک پولیس بھمبر کٹھارا بسوں اور ویگنوں کے خلاف کارروائی کرنے سے گریزاں ہے اور چپ سادھ رکھی ہے بھمبر کے شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکول و کالجز کے ساتھ منسلک ٹرانسپورٹ کی مخدوش حالت کے باعث پاکستان میں کئی بڑے حادثے رونما ہو چکے ہیں جس میں سینکڑوں مستقبل کے معمار موت کی وادیوں میں اتر گے انہوں نے کہا کہ لگتا ہے کہ ٹریفک پولیس بھمبر بھی شاید کسی بڑے حادثے کے ہو جانے کے بعد ہوش کے ناخن لے گی اس سے پہلے کہ کوئی حادثہ رونما ہو ٹریفک پولیس کٹھارا بسوں اور ویگنون کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لا کر معصوم بچوں کی زندگیاں محفوظ بنائیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حلقہ برنالہ کی اعوان برادری نے عبدالمالک اعوان کو حلقہ ایل اے 5 برنالہ سے اور گگھڑ راجپوت برادری کا متفقہ
بھمبر ( ڈسٹرکٹ رپورٹر )حلقہ برنالہ کی اعوان برادری نے عبدالمالک اعوان کو حلقہ ایل اے 5 برنالہ سے اور گگھڑ راجپوت برادری کا متفقہ امیدوار قرار دے دیا گیا گگھڑ راجپوت برادری اور اعوان برادری کی سپریم کونسل نے رحمت میرج ہال برنالہ میں منعقدہ اعوان برادری اور گگھڑ راجپوت برادری کے بہت بڑے کنونشن میں عبدالمالک اعوان کو حلقہ سے گگھڑ راجپوت برادری اور اعوان برادری کا متفقہ امیدوار ملک افتخار طیب کو کورنگ امیدوار نامزد کر دیا تفصیلات کے مطابق حلقہ برنالہ کی اعوان برادری اور گگھڑ راجپوت برادری جس کا حلقہ کے اندر تقریباً 15,000 سے زائد ووٹ بینک موجود ہے گذشتہ 2 سال سے برادری کے اندر اتحاد و اتفاق کی کوششیں جاری تھیں جس میں بابو لطیف پگھوری، ملک افتخار طیب کی سربراہی میں برادری کے زعماء نے برادری کو اکٹھا کرنے میں اہم کردار ادا کیا اور برنالہ میں منعقدہ کنونشن میں حلقہ کے اندر اعوان برادری اور گگھڑ راجپوت برادری کا ایک مناسب ووٹ بینک ہونے کے باوجود اعوان برادری کو مسلسل نظر انداز کیے جانے کا احساس محرومی کا شدت سے اظہار کیا گیا اور بابو لطیف پگھوری کی قرار داد پر متفقہ طور پر عبدالمالک اعوان کو امیدوار اسمبلی چنا گیا اور افتخار طیب اعوان کو متبادل امیدوار قرار دیا گیا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عبدالمالک اعوان نے کہا کہ حلقہ کی درآمدی قیادت نے جان بوجھ کر حلقہ کو پسماندہ رکھا نوجوانوں کو حقوق سے محروم رکھا حلقہ برنالہ آج بھی پتھر کے دور کی تصویر نظر آتا ہے حلقہ بھمبر اور حلقہ سماہنی میں 9,9 کالجز ہیں جبکہ حلقہ برنالہ میں محض 3 کالجز ہیں تعمیر و ترقی صحت و صفائی کی حالت زار بھی ناگفتہ بہ ہے انہوں نے کہا کہ میں اپنی نامزدگی پر جملہ برادری کا شکر گزار ہوں اور عوامی حقوق کیلئے اپنے تمام وسائل اور اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائوں گا اس سے قبل بابو لطیف پگھوری، ملک افتخار طیب ، ملک مشتاق ایڈووکیٹ، ملک بابو خان ، ملک اکرم خان ، ملک ذوالفقار خان اور دیگر نے خطاب کیا انہوں نے عبدالمالک اعوان کی نامزدگی کو خوش آئند قرار دیا اور اعوان برادری کے اتحاد کو نیک شگون قرار دیا انہوں نے کہا کہ عبدالمالک کی کامیابی کیلئے بھر پور محنت کی جائیگی اور گھر گھر مہم چلا کر حلقہ کے عوام کے چھینے ہوئے حقوق کو واپس دلائینگے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

پاکستان تحریک انصاف ضلع بھمبر کا جنرل ورکر کنونشن بھمبر کی فضاء تحریک انصاف اور عمران خان کے نعروں سے گونج
بھمبر ( ڈسٹرکٹ رپورٹر )پاکستان تحریک انصاف ضلع بھمبر کا جنرل ورکر کنونشن بھمبر کی فضاء تحریک انصاف اور عمران خان کے نعروں سے گونج اٹھی مرکزی صدر ڈاکٹر لطف الرحمن نیئر کو سیرلہ سے جلوس کی شکل میں بھمبر لایا گیا جنرل ورکر کنونشن جسیال میرج ہال میں منعقد ہوا ورکر کنونشن میں ضلع بھمبر سے تحریک انصاف کے نوجوانوں نے بڑی تعدادی میں شرکت کی میرج ہال پہنچنے پر مرکزی صدر ڈاکٹر لطف الرحمن نیئر اور ضلعی صدر چوہدری آصف حسین ایڈووکیٹ پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئی ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر ڈاکٹر لطف الرحمن نیر ، ضلعی صدر چوہدری آصف حسین ایڈووکیٹ نے کہا کہ پاکستان کے بعد آزاد کشمیر کے اندر بھی عوام تبدیلی کیلئے بیدار ہو چکے ہیں میں آج بھمبر میں فضاء تبدیلی کے نعروں سے گونج رہی ہے بھمبر کے نوجوان بھی روایتی اور وراثتی سیاست سے تنگ آ چکے ہیں آزاد کشمیر کے اندر بھی کرپٹ، روایتی اور وراثتی سیاستدان مسلط ہیں جو گزشتہ 67 سالوں سے عوام کے حقوق غضب کر رہے ہیں نوجوانوں کا معاشی استحصال کر رہے ہیں میرٹ کا قتل عام کیا جا رہا ہے پڑھے لکھے نوجوان ڈگریاں لیے بے روز گار پھر رہے ہیں کرپٹ سیاستدانوں نے بیس کیمپ کو لوٹ مار کا ذریعہ بنا رکھا ہے مجاورں اور درباریوںنے آزاد کشمیر کے عوام کو لاڑکانہ اور رائیونڈ کا غلام بنا رکھا ہے ریاستی وسائل کو لوٹ کر لاڑکانہ اور رائیونڈ والوں کی خوشامدی پر خرچ کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ عمران خان ہی پاکستان کے واحد حقیقی اور محب وطن لیڈر ہیں جو عوام کے حقوق، قانون ، انصاف اور میرٹ کی بالا دستی کا درس دے رہے ہیں عمران خان حقیقی اپوزیشن اور عوامی حقوق کا کردار ادا کر رہے ہیں دھرنے کی سیاست کامیابی کی طرف رواں دواں ہے دھرنے کی سیاست نے عوام کے اندر شعور بیدار کرنے کے ساتھ ساتھ حکمرانوں کو لوگوں کے حقوق دینے پر مجبور کر دیا ہے 30 نومبر کا جلسہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہو گا اسلام آباد میں انسانوں کا سمندر ہو گا ریاستی دہشت گردی ، چھاپوں ، گرفتاریوں اور راستوں میں رکاوٹیں لگانے سے تحریک انصاف کے ٹائیگرز کا راستہ روکا نہیں جا سکتا ورکر کنونشن سے سٹی بھمبر کے صدر عامر ناصر، ڈسٹرکٹ بھمبر کے جنرل سیکرٹری یاسر رزاق، عاطف ایڈووکیٹ ، عادل شیخ ایڈووکیٹ، گل زیب ایڈووکیٹ ، وقاص ظفر سمیت دیگر نے خطاب کیا۔