پاکستان سے سیریز کے لئے آسٹریلیا نے یواے ای کیلیے اڑان بھرلی

Australia

Australia

سڈنی (جیوڈیسک) پاکستان کے خلاف سیریز کیلیے آسٹریلوی ٹیم نے متحدہ عرب امارات کی اڑان بھرلی، پسلی کی انجری میں مبتلا مچل جونسن بھی محدود اوورز کے اسکواڈز کے ہمراہ ہیں۔ کوچ ڈیرن لی مین کہتے ہیں کہ فاسٹ بولر آئندہ اتوار کو شیڈول ٹوئنٹی 20 نہیں کھیلیں گے، ون ڈے اور ٹیسٹ سیریز میں شرکت یقینی ہے، پانچ روزہ میچز سے قبل کپتان مائیکل کلارک کے بھی مکمل فٹ ہونے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے ٹوئنٹی 20 اور ون ڈے اسکواڈز اتوار کی شب متحدہ عرب امارات کیلیے روانہ ہوگئے ہیں۔ فاسٹ بولر مچل جونسن پسلی میں تکلیف کی وجہ سے چیمپئنز لیگ سے دستبردار ہوگئے تھے تاہم وہ بھی جہاز پر سوار ہونے والے کھلاڑیوں کے ہمراہ تھے۔

روانگی کے وقت میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے آسٹریلوی کوچ ڈیرن لی مین کا کہنا تھا کہ مچل جونسن اب خود کو قدرے بہتر محسوس کررہے ہیں، اسی لیے ٹیم کے ہمراہ ہیں اگرچہ وہ آئندہ اتوار کودبئی میں شیڈول ٹوئنٹی 20 میچ میں حصہ نہیں لیں گے تاہم ون ڈے اور پھر ٹیسٹ کیلیے دستیاب ہوں گے، وہ انجرڈ ہونے سے قبل فارم میں تھے اس لیے ہمیں ان کے حوالے سے کوئی پریشانی نہیں ہے۔ لی مین ہیمسٹرنگ انجری میں مبتلا کپتان مائیکل کلارک کے بھی ٹیسٹ سیریز سے قبل مکمل فٹ ہونے کے بارے میں کافی پریقین ہیں، ان کا کہنا ہے کہ اس وقت کلارک کی انجری کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ وہ جلد فٹ ہوجائیں گے۔

واضح رہے کہ ٹوئنٹی 20 اور ون ڈے سیریز کے بعد اکتوبر 15 سے 18 تک شارجہ میں وارم اپ میچ کھیلا جائے گا۔ لی مین کہتے ہیں کہ اس ٹور گیم میں ہی اصل صورتحال واضح ہوجائے گی مجھے امید ہے کہ کلارک اس ٹور میچ میں کھیلیں گے۔ یاد رہے کہ شین واٹسن، ریان ہیرس اور جیمز پیٹسنن کی خدمات بھی انجری کی وجہ سے کینگروز کو حاصل نہیں ہیں۔ کوچ نے مزید کہا کہ یو اے ای میں آل رائونڈر کا کردار اہم ہوگا، واٹسن کی جگہ کیلیے مچل مارش اور گلین میکسویل کا آپشن ہمارے پاس موجود ہے۔