سکھر (جیوڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ کوئی بھی محب وطن شخص اپنی افواج پر تنقید نہیں کر سکتا، فوج ایک باوقار ادارہ ہے، میڈیا کے بعض لوگ مخصوص مقاصد کی خاطر اداروں کو لڑانا چاہتے ہیں۔
یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا فوج اور عدلیہ معتبر ادارے ہیں، جن میں ایک فیصلے کرتا ہے اور دوسرا ملک کا دفاع کرتا ہے۔ پرویز مشرف پر آئین توڑنے کا مقدمہ ہے، وہ فرد واحد کا کام تھا، قوم کے حقوق غصب کرنے والوں پر تنقید تو ضرور ہوگی۔
مشرف کے نام پر ہمیں لال مسجد اور اکبر بگٹی یاد آجاتے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ ریلوے سے کرپٹ افسران کا صفایا کردیا ہے، رشوت اور سفارش کلچر کا خاتمہ کرکے ریلوے کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کی کوشش کررہے ہیں، آئندہ ریلوے میں بھرتیاں شفاف ہونگی، کلیدی عہدوں پر اہل افسران کو لائیں گے۔ ماضی میں ریلوے کو کباڑ خانہ بنادیا گیا تھا، جسے ٹھیک ہونے میں وقت لگے گا۔