لیہ (سٹاف رپورٹر) میڈیا کی اہمیت سے انکار نہیں یہ ریاست کا ایسا ستون ہے جس نے کم وسائل کے باوجود اپنا مقام بنایا میڈیا کی طرح پنجاب پولیس بھی کم وسائل کے باوجود کو جرائم سے پاک کرنے کیلئے کوشاں ہے ان خیالات کا اظہار کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی ضیاء ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لیہ نے ڈسٹرکٹ پریس کلب لیہ کی طرف سے دیئے گئے استقبالیہ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ وہ پنجاب پولیس سے قبل پاک فوج میں بھی بطور کیپٹن فرائض انجام دے چکے ہیں۔ پنجاب پولیس سے قبل گلگت بلتستان میں بطور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر انجام دینے کے ساتھ ساتھ خیبر پختونخواہ میں فرائض انجام دیئے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈی پی او لیہ تعینات ہونے سے قبل وہ ایس ایس پی آپریشنز گوجرانوالہ تعینات تھے۔
ڈی پی او لیہ نے کہا کہ پنجاب پولیس کو بھی جرائم کے خاتمہ کیلئے وسائل کی کمی کے سبب مشکلات کا سامنا ہے ضلع لیہ کی آبادی تقریباََ 20 لاکھ افراد پر مشتمل ہے جبکہ اس قدر آبادی میں 9سو سے ہزار کی افرادی قوت سے ضلع کو جرائم سے پاک کر دینا ایک کٹھن مرحلہ ہے تاہم ہدف کو عوامی تعاون اور اور میڈیا کی بروقت نشاندہی سے بھت جلد حاڈل کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لیہ میں تعیناتی کے دوران کوشش ہو گی کہ میرٹ پر انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور مجھے یقین ہے کہ اگر میرٹ پر انصاف کی فراہمی ممکن ہو گئی تو 70فیصد جرائم کا یقینی خاتمہ ہو جائے گا اور باقی30فیصد کے خاتمہ کیلئے پنجاب پولیس جرائم پیشہ عناصر سے نمٹ لے گی ۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لیہ نے صحافیوں کو یقین دلایا کہ پولیس کے میڈیا سے مثالی تعلقات استوار کیے جائیں گے تاکہ ہدف کو آسانی سے حاصل کیا جا سکے تاہم ایک بات طے ہے کہ انصاف کی فراہمی صرف اور صرف میرٹ پر ہوگی ۔
استقبالیہ کے موقع پر مہر ارشد حفیظ سمر ا صدر ڈسٹرکٹ پریس کلب(رجسٹرڈ ) لیہ نے بریفنگ دیتے ہوئے ڈی پی او لیہ کو بتایا کہ ڈسٹرکٹ پریس کلب(رجسٹرڈ ) لیہ ضلع بھر کی معتبر و متفقہ تنظیم ہے جس کو ضلع بھر کی صحافتی برادری کا اعتماد حاصل ہے ۔مضافات میںپانچ چوک اعظم پریس کلب،چوبارہ پریس کلب،فتح پور پریس کلب، کروڑ پریس کلب اور کوٹ سلطان پریس کلب ہیں جن کے صدور و جنرل سیکرٹری بلحاظ عہدہ ڈسٹرکٹ پریس کلب(رجسٹرڈ ) لیہ کے رکن ہوتے ہیں۔ ڈٰ پی سی لیہ میں ضلع بھر کی صحافتی برادری کی نمائندگی ہونے کے سبب ڈسٹرکٹ پریس کلب(رجسٹرڈ ) لیہ کو ضلع بھر کی نمائندگی کرنے کا حق حاصل ہے۔صدر ڈیپی سی لیہ نے کہا کہ ہماری تنظیم مثبت صحافت کے فروغ کیلئے گراں قدر خدمات انجام دے چکی ہے جو ناقابل فراموش ہیں۔ ڈسٹرکٹ پریس کلب لیہ کو مثبت صحافت کے فروغ کیلئے کئی بار قیمت بھی چکانا پڑی ہے تاہم سینئرز کی سرپرستی میں ڈسٹرکٹ پریس کلب(رجسٹرڈ ) لیہ 16صفحات پر مشتمل آئین کی پاسداری کو یقینی بنانے کی کوششیں جاری ہیں ۔مہر ارشد حفیظ سمرا صدر ڈی پی سی نے ڈی پی او کی ڈسٹرکٹ پریس کلب آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لیہ کو دیئے گئے استقبالیہ میں رانا خالد محمود شوق جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ پریس کلب نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈسٹرکٹ پریس کلب(رجسٹرڈ ) کی بنیاد 1972ء میں رکھی گئی یہ تنظیم ابتدائی طور پر میونسپل کمیٹی کی لائبریری کی عمارت میں کام کرتی رہی جبکہ لیہ کو ضلع کا درجہ ملنے کے بعد اس وقت کے سینئر صحافیوں عبدالقادر عرشی ،چوہدری غلام سرور ،مطلوب قریشی ،ریاض احمد روحانی ،عبد الحکیم شوق ،قاضی امیر عالم اورگلزار احمد مرزا سمیت دیگر نے اپنی مدد آپ کے تحت تنظیم کے نام سے زمین خریدکی۔ سابق ایم پی اے مہر فضل حسین سمرا نے چار دیواری گیٹ اور دو کمرہ جات کی تعمیر کیلئے فنڈز فراہم کیے۔
جبکہ ڈسٹرکٹ پریس کلب لیہ کے ہال کیلئے 15لاکھ روپے کے فنڈز سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پریز الٰہی اور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے 12لاکھ روپے مالیتی فنڈز فراہم کیے تاہم ہال ابھی زیر تعمیر ہے ۔فنڈز کی فراہمی پر ضلع بھر کی صحافتی برادری سابق ایم پی اے مہر فضل حسین سمرا مرحوم ،چوہدری پرویز الٰہی اور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز زریف کی مشکور ہے۔ ڈی پی او لیہ محمد علی ضیاء ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لیہ کی استقبالیہ تقریب میں عبد الحکیم شوق سرپرست اعلیٰ ڈی پی سی ،مرزا یعقوب احمد ضلعی صدر انجمن صحافیان ،خلیل احمد قریشی جنرل سیکرٹری انجمن صحافیان،سید محمد عثمان شاہ نائب صدر انجمن صحافیان ،عبد اللہ نظامی صدر کوٹ سلطان پریس کلب ،عبد الرئوف نفیسی صدر چوک اعظم پریس کلب ،رائے الطاف کھرل جنرل سیکرٹری کوٹ سلطان پریس کلب ،سینئیر صحافی و صدر انجمن تاجران طارق محمود پہاڑ،ملک فیض بھلر صدر لیہ پریس کلب لیہ ،ملک نیاز احمد جکھڑ پریس سیکرٹری ضلعی انجمن صحافیان لیہ اور انفارمیشن نے ریاض جکھڑ سمیت ضلع بھر سے صحافیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔