واشنگٹن (جیوڈیسک) صدر باراک اوباما نے تسلیم کیا ہے کہ داعش کی جانب سے امریکی صحافی جیمز فولے کو قتل کرنے کے بعد انہوں نے چھٹیوں پر گالف کھیل کر غلطی کی۔ امریکی صدر نے اتوار کو این بی سی کے شو ‘میٹ دی پریس’ میں ایک انٹرویو کے دوران کہا ‘مجھے معلوم ہونا چاہیئے تھا کہ اس واقعہ کے بعد لوگوں کی نظریں مجھ پر ہوں گی۔ تاہم، انہوں نے بتایا کہ فولے کے اہل خانہ سے نجی گفتگو میں انہوں نے اپنے آنسو روک رکھے تھے۔
اوباما کا کہنا تھا کہ بعض اوقات دنیا میں پیش آنے والے واقعات اور ان کی نجی زندگی میں تفریحی مواقعوں کے ذریعے پر سکون رہنے کی کوششیں آمنے سامنے آ جاتی ہیں۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ دور صدارت کے دوران کئی موقعوں پر عوامی رابطوں کے حوالوں سے فقدان رہا۔ خیال رہے کہ گزشتہ مہینے فولے کی موت کے بعد سرکاری بیان دینے کے بعد جزیرہ وائن یارڈ پر چھٹیوں کے دوران گالف کھیلتے ہوئے اوباما کی مسکراتی تصویر کو میڈیا میں بہت زیادہ اچھالا گیا تھا۔