راولپنڈی (جیوڈیسک) میڈیکل بورڈ نے سابق صدر پرویز مشرف کی طبیعت تسلی بخش قرار دے دی ہے۔ ان کی رپورٹس کلیئر کر دی گئی ہیں۔ آج آئی سی یو سے کمرے میں منتقل کر دیا جائے گا۔
پرویز مشرف راولپنڈی کے آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں زیر علاج ہیں۔ صبح ان کے خون کے نمونے دوبارہ لئے گئے۔ یہ نمونے اور سی ٹی انجیو گرام رپورٹ امریکا اور برطانیہ بھجوا دی گئی۔
ڈاکٹروں کے سات رکنی میڈکل بورڈ کی دوپہر کو میٹنگ ہوئی جس میں پرویز مشرف کے گذشتہ روز لئے جانے والے خون کے نمونوں اور دیگر ٹیسٹوں کی رپورٹس کا جائزہ لیا گیا جس کے بعد میڈیکل بورڈ نے تمام رپورٹس کلیئر قرار دے دیں اور سابق صدر کی طبیعت تسلی بخش قرار دے دی گئی۔ تاہم ابھی انہیں اسپتال سے ڈسچارج کرنے کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔
آئی سی یو سے وی وی آئی پی روم میں منتقل کرنے کے بعد مشرف کے مزید ٹیسٹ کئے جائیں گے۔ ڈاکٹروں نے پرویز مشرف کو سگریٹ نوشی سے منع کر دیا ہے۔
دوسری طرف لندن میں دو ڈاکٹروں سے پرویزمشرف کے علاج معالجے کیلئے وقت لیا جا رہا ہے۔
پرویز مشرف کی ابتدائی میڈیکل رپورٹس بھی لندن بھیجی جائیں گی۔ گذشتہ روز عدالت میں حاضری کے وقت طبیعت خراب ہونے پر پرویز مشرف کو فوجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔