میڈیکل کالج کی نی عمارت سیکورٹی رسک قرار

Medical College

Medical College

گوجرانوالہ (جیوڈیسک) گوجرانوالہ میڈیکل کالج کی نو تعمیر شدہ اصل عمارت میں کلاسز کے اجرا کی تاریخ سر پر آ پہنچی ہے لیکن تعمیراتی کام ابھی تک مکمل نہیں ہوسکا جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے گوندلانوالہ گائوں میں بنائی گئی کالج کی موجودہ عمارت کو سکیورٹی رسک قرار دے دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گوندلانوالہ گائوں میں گوجرانوالہ میڈیکل کالج کی عمارت زیرتعمیر ہے ، عمارت کی تکمیل اور یہاں پر کلاسز کے اجرا کے حوالے سے ضلعی حکومت کی جانب سے ابتک 4 ڈیڈ لائنز دی جا چکی ہیں،اب میڈیکل کالج کی اصل عمارت میں کلاسز کے اجرا کی تاریخ 15 اگست دی گئی ہے لیکن میڈیکل کالج میں بوائز ہاسٹل سمیت عمارتوں کے کچھ حصوں پر بدستورکام جاری ہے جبکہ کالج کے دو مین گیٹ بھی ابھی تک نہیں لگ سکے اور بجلی کاکام بھی مکمل نہیں کیا جاسکا جس کی وجہ سے میڈیکل کالج کی انتظامیہ پریشانی کا شکار ہے اور طلباء کو بھی کوفت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ایک طرف عمارت کی تکمیل بڑا مسئلہ ہے تو دوسری طرف قانون نافذ کرنے والے ادارے کی جانب سے کالج اور گردونواح میں سکیورٹی کو ناقص قراردیتے ہوئے حفاظتی اقدامات بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ میڈیکل کالج کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہاں پولیس چوکی قائم کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ اساتذہ و طلبا کے تحفظات دور ہو سکیں۔