ریاض (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے بچاو کی احتیاطی تدابیر کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مدینہ منورہ کے چھے علاقوں میں جمعہ کے روز سے تاحکم ثانی مکمل کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ’’ایس پی اے‘‘ نے وزارت داخلہ کے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ مدینہ شہر کے جن علاقوں میں مکمل طور پر کرفیو نافذ کیا گیا ہے ان میں الشریبات، بنی ظفر، قربان، الجمعہ، الاسکان کے بعض حصےاور بنی خدرہ کے محلے شامل ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’ان علاقوں میں رہنے والوں کے لیے کرفیو کی پابندی لازمی ہوگی کوئی شخص گھر سے باہر نہیں نکلے گا۔‘
بیان کے مطابق مکمل کرفیو کے بعد وزارت افرادی قوت وسماجی بہبود آبادی کو ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں میں ضرورت مندوں کے لیے مستقل بنیادوں پر غذائی اشیا مہیا کریں۔
دوسری جانب وزارت صحت کو بھی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ مکمل کرفیو والےعلاقوں کے مکینوں کی صحت سے متعلق امور کا ہر طرح سے خیال رکھا جائے۔