لاہور (جیوڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نواز شریف کو صلح صفائی کرنی چاہیے۔ مشرف کا کیس ان کے گلے پڑ سکتا ہے۔ وزیراعظم کے بارے میں یہ رائے قائم ہو رہی ہے کہ وہ بدلے نہیں، ان کی قسمت اچھی ہے کہ کوئی بھی نہیں کہہ رہا کہ مارشل لا لگے۔ ٹودی پوائنٹ میں میزبان شاہ زیب خانزادہ سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ صحافی مرے تو باہر نکلے، وکلا مرے تو باہر نکلے، کیا فوج کوادارہ نہیں سمجھا جارہا۔ میں نہیں سمجھتا کہ خواجہ آصف اپنی زبان بول رہے تھے۔
ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی ہتھ جوڑی ہے، جب حکومت سر سے اخروٹ توڑنے کا ریکارڈ بنانے والوں کی ہوگی تو پھر ان کے دماغ میں عقل کہاں سے آئے گی، نوازشریف کو مفت مشورہ دے رہا ہوں کہ وہ عقل سے کام لیں، ان کی حکومت کو کسی سے خطرہ نہیں، وہ خود ہی حادثے کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ عمران خان سے تفصیلی ملاقات ہوئی ہے، وہ مجھے پریشان نظر نہیں آئے، لیڈر وہی ہے جو عوام کے ساتھ کھڑا ہو گا، اگر سارے سیاستدان آج بھی باہر نہ نکلے تو میں سمجھوں گا کہ ہم سب نوازشریف کے ساتھ ملے ہوئے ہیں، سارے سیاستدان کہتے ہیں کہ الیکشن جعلی تھے تو پھر اسمبلی میں کیوں بیٹھے ہیں، یہ سارے آپس میں ملے ہوئے ہیں۔
عمران خان بھی باہر نہ نکلے تو پھر اللہ ہی حافظ ہے۔ اسلام آباد دہشتگردوں کے نرغے میں ہے، خدانخواستہ کوئی بڑا حادثہ ہو سکتا ہے، مشرف پر فرد جرم ایک انڈراسٹینڈنگ سے عائد کی گئی، ایسے ہی جہاز نہیں آگئے تھے۔ یہ ڈالر ڈالر کاکھیل کھیل رہے ہیں، ڈالر سستا ہو گیا ہے توپھر اس کا فائدہ غریب آدمی کوبھی ہونا چاہیے، میں تو تب ہی مانوں گا جب آٹا گھی چاول چینی سستے ہوں گے لیکن یہ کریں گے نہیں، ان کو سزاکے طورپر دولت ملی ہے۔