اجلاس فیصل ہوٹل گجرات میں منعقد ہو رہا ہے جس میں گجرات کی تینوں تحصیلوں کے 13مراکز سے تعلق رکھنے والے ممبران مشاورتی بورڈ شریک ہوں گے۔طارق جاوید چوہدری
Posted on September 4, 2013 By Geo Urdu گجرات
گجرات: آل پاکستان پرائیویٹ سکولز و کالجز ایسوسی ایشن کی ایکشن کمیٹی کا ہنگامی اجلاس جمعرات کوطلب کر لیا گیا ہے۔اجلاس میں بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن گوجرانوالہ کے چیئر مین کے رویہ اور بد اخلاقی کے خلاف جاری احتجاجی مہم کے بارے میں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔اور آئندہ کے لیے لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔اجلاس جمعرات کو بعد از دوپہر 3:30بجے فیصل ہوٹل جی ٹی روڈ گجرات میں منعقد ہوگا۔
گجرات کی تینوں تحصیلوں گجرات، سرائے عالمگیر اور کھاریاں کے تمام 13مراکز کے ممبران مشاورتی بورڈ میں شرکت کریں گے۔تاکہ ڈویژن کے تمام اضلاع کی تنظیموں کے ساتھ مل کر متفقہ پروگرام طے کیا جاسکے اور بورڈ آفس کے باہر دھرنے کے پروگرام کوحتمی شکل دی جا سکے۔یاد رہے کہ ضلع گجرات اور گوجرانوالہ میں پہلے ہی ضلعی لیول پر کنونشنز میں اس سلسلہ میں فیصلہ کیا جا چکا ہے۔
ضلعی صدر آل پاکستان پرائیویٹ سکولز و کالجز مینجمنٹ کمیٹی طارق جاوید چوہدری ،چوہدری تسنیم، چوہدری افتخار احمد چیمہ اور چوہدری شیراز گل نے مشترکہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ تمام سطحوں پر روابط جاری ہیں اور اس احتجاجی مہم کو بھر پور طریقہ سے کامیابی تک ہمکنار کرنے کے لیے لائحہ عمل تیار کر لیا گیا ہے۔ اور تمام اضلاع کی تنظیموں نے اپنے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے اور ہم پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے ساتھ زیادتی برداشت نہیں کریں گے۔