کراچی (اسٹاف رپورٹر) ترکی میں جاری او آئی سی سربراہی اجلاس کو مسلم اُمہ میں اتحادکا باعث بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد وچیئرمین امیر پٹی نے کہا ہے کہ مسلم ریاستوں کے سربراہوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ موجودہ عصری تقاضوں کو محسوس کرتے ہوئے ذاتی مفادات ‘ تنازعات اور پرخاش کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اور مسلکی تفاوت کو فراموش کرکے اسلام کی نشاط ثانیہ اور مسلمانوں کی ترقی وتحفظ کو اولیت و فوقیت دیں۔
امیر پٹی نے کہا کہ سربراہی اجلاس میں دیگر اسلامی ممالک کے علاوہ سعودی عرب اور ایران کیساتھ پاکستانی قیادت بھی شریک ہوگی اسلئے نہ صرف سعودیہ ایران تنازعہ کے خاتمے کی کوشش مثبت کوشش کی جائے بلکہ مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین پر بھی زبانی جمع خرچ کی بجائے اس کیلئے حل کیلئے مسلم اُمہ کے اتحاد کی ضرورت و اہمیت کو محسوس کرلیا جائے تو یقینا اس سربراہی اجلاس کو عالم اسلام کیلئے نعمت خداوندی و انعام ربی بنایا جاسکتا ہے۔
جس سے شام، یمن، افغانستان،صومالیہ، مالی، جموں و کشمیر، بوسنیا ہرزے گووینا کی صورتحال میں بہتری اور کشمیر کی آزادی کے امکانات میں روشن ہوجائیں گے۔