لاہور (جیوڈیسک) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے چیف کوآرڈینیٹر سینیٹر جہانگیر بدر نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی سابق حکومت پر جن لوگوں نے قبضہ کر رکھا تھا اب وہ پارٹی پر قبضہ کر کے عوامی جماعت کا بیڑہ غرق کرنا چاہتے ہیں لیکن پارٹی کے ورکر ز زندہ ہیں اور وہ کسی کو یہ سازش کامیاب بنانے کی اجازت نہیں دینگے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز فیصل ٹاؤن میں پیپلز لیبر بیورو اور انسانی حقوق ونگ کے وفود سے ملاقات کے دوران کیا، ملاقات میں نصیر احمد بٹ، ملک احتشام، عاطف خان، فرحت حسین، اصغر لودھی، سہیل ملک، مسرت صدیقی، نورین سیال، شہزادی توصیف چیمہ اور نعیم بٹ بھی موجود تھے۔
ملاقات میں ذیلی تنظیموں نے پارٹی کی طرف سے انہیں نظر انداز کرنے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا جس پر جہانگیر بدر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی اصل طاقت اس کی ذیلی تنظیمیں ہیں یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ ہم انہیں نظر انداز کر دیں ،ہم اپنے کارکنوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، بلاول بھٹو زرداری کا لاہور آمد پر شاندار استقبال کیا جائیگا۔