اسلام آباد (جیوڈیسک) رکزی رویت ہلال کمیٹی کو رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا جس کے بعد ملک بھر میں پہلا روزہ 7 مئی بروز منگل ہو گا۔
رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مفتی منیب الرحمان کی زیر صدارت محکمہ موسمیات کے کراچی کے دفتر میں ہوا۔
زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے متعلقہ علاقوں میں منعقد ہوئے تاہم ملک کے کسی بھی حصے سے چاند کی رویت سے متعلق کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مفتی منیب الرحمان کا کہنا تھا کہ خیبرپختوانخوا سمیت ملک کے کسی بھی حصے سے چاند کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ علماء اور ماہرین کی اتفاق رائے سے چاند کی رویت سے متعلق فیصلہ کیا گیا۔
دوسری جانب پشاور کی مسجد قاسم خان کے خطیب مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے کل پہلے روزے کا اعلان کیا ہے۔
مفتی شہاب الدین پوپلزئی کے مطابق چاند کی 22 مصدقہ شہادتیں موصول ہوئی ہیں جس کے بعد کل بروز پیر پہلا روزہ ہوگا۔
مسجد قاسم علی خان کے اعلان کے بعد ضلع خیبر میں پیر 6 مئی کو پہلے روزے کا اعلان کیا گیا اور ضلع بھر کی مساجد سے اعلانات کیے گئے۔
ہنگو میں کی اڈہ مسجد کے مولوی جنت خان کی صدارت میں اجلاس ہوا جس میں کہا گیا کہ اورکزئی سے 4 اور ہنگو سے ایک شہادت موصول ہوئی ہے جس کے ہنگو میں پیر 6 مئی کو پہلا روزہ ہوگا۔
باجوڑ کے علاقے ناوگئی کی مقامی مسجد کے پیش امام مفتی سید نور شاہ نے بھی 6 مئی کو پہلا روزہ رکھنے کا اعلان کیا جب کہ چارسدہ اور مہمند کی مساجد سے بھی کل روزہ رکھنے کے اعلانات کیے گئے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب، خلیجی ممالک اور یورپ میں چاند نظر نہیں آیا اور وہاں آج تراویح اور کل پہلا روزہ ہوگا۔