اسلام آباد (جیوڈیسک) عمران خان نے کہا ہے کہ 30 نومبر نا سہی، 30 دسمبر ہی سہی، نواز شریف کو استعفا دینا پڑے گا، معاملہ وقت کا نہیں بلکہ جیت کا ہے، عوام میرے ساتھ ہیں، وزیراعظم نواز شریف سے استعفا لیے بغیر نہیں جائیں گے۔ برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو میں تحریک انصاف کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اس دھرنے سے انہوں نے جو کچھ حاصل کیا ہے، اس کا انہوں نے سوچا بھی نہیں تھا، عوام میں سیاسی شعور بیدار ہوا ہے اور انہیں اپنے حقوق کے بارے میں اب پہلے سے زیادہ آگاہی ہے۔
جس طرح خواتین اب سیاست میں حصہ لے رہی ہیں، ایسا اس سے پہلے کبھی نہیں ہوا۔ عمران خان نے کہا کہ دھرنا نواز شریف کے استعفے پر ہی ختم ہوگا اور ایسا ضرور ہوگا کیونکہ نواز شریف کو حکومت چلانے میں اس وقت مشکلات کا سامنا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ جب تک عوام ان کے ساتھ ہیں، حتمی تاریخ سے کوئی فرق نہیں پڑتا، 30 نومبر نہ سہی، 30 دسمبر ہی سہی، نواز شریف کو استعفا دینا ہی پڑے گا۔فوج کی حمایت کے سوال پر عمران خان نے کہا کہ فوج عوام کو جلسوں میں آنے پر مجبور نہیں کرسکتی، تحریک انصاف کو عوام کی حمایت حاصل ہے۔