کراچی (اسٹاف رپورٹر) اظہار رائے کی آزادی انسان کا بنیادی حق ہے جبکہ جلسے اور جلوس اورپرامن احتجاج سیاسی جماعتوں کا بنیادی حق ہے مگر جمہوریت‘ سیاست یا احتجاج کے نام پر کاروبار وٹریفک کی بندش سے عوام پریشانی ‘ تکلیف اور اذیت سے ہی دوچار نہیں ہوتے بلکہ ہزاروں گھروں کے چولہے بھی ٹھنڈے پڑجاتے ہیں۔
محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر پٹی نے تحریک انصاف کے احتجاجی حق کی حمایت کے ساتھ ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں عمران خان سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف انتخابی دھاندلی ‘حکومتی طرز عمل اور حکمرانوں کے رویئے کیخلاف اپنا احتجاج پر امن طریقے سے ضرور ریکارڈ کرائے روشن پاکستان پارٹی تحریک انصاف کے اس حق کی حمایت کرتی ہے مگراحتجاج کے نام پر سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کرنے اورٹرانسپورٹ و کاروبار بند کرانے سے گریز کیا جائے۔
کیونکہ ا س سے شہری پریشانی ‘ تکلیف اور اذیت سے دوچار ہونگے اور ملک و قوم کابدترین معاشی نقصان ہوگا ۔امیر پٹی نے مزید کہا کہ سیاست و جمہوریت سے سب سے بہترین راستہ مذاکرات کا ہوتا ہے جس سے ہر مسئلے کا حل ممکن ہے اسلئے تحریک انصاف کو عوامی سیاست کے ساتھ مذاکرات کی راہ بھی اپنانی چاہئے اگر اس میں کہیں کوئی رکاوٹ یا پریشانی ہے تو محب وطن روشن پاکستان پارٹی ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں اس سلسلے میں حکومت و تحریک انصاف کے مابین ثالثی کا اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔