اسلام آباد (جیوڈیسک) معاہدے کے تحت میزان بینک اور پاک چائنا انویسٹمنٹ کمپنی دونوں ممالک کے کاروباری اداروں خاص طور پر چین پاکستان اقتصادی راہداری میں کام کرنے والی کمپنیوں کو سہولتیں فراہم کرنے کی کوششیں کریںگے، میزان بینک اور پاک چائنا انویسٹمنٹ کمپنی مختلف شعبوں میں تعاون کریں گے۔
پاک چائنا انویسٹمنٹ کمپنی میزان بینک کی ملک بھر میں 550سے زائد کمرشل برانچز، کارپوریٹ اینڈ انویسٹمنٹ بینکنگ، تجارت، کمرشل، ایس ایم ای فنانسنگ اور ٹریژی آپریشنز کا فائدہ اٹھائے گی، پاک چائنا انویسٹمنٹ کمپنی لمیٹڈ اپنی پیرنٹ کمپنی چائنا ڈیولپمنٹ بینک کی وجہ سے مضبوط مقام رکھتی ہے اور مضبوط ساکھ کے ساتھ دوطرفہ تعاون بڑھانے، باہمی کاروباری راہیں دریافت کرنے اور چین پاکستان اقتصادی راہداری سے فائدہ اٹھانے کے لیے میزان بینک کو چین کے سرمایہ کاروں اور کارپوریشنزسے متعارف کرائے گی۔
میزان بینک کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر عارف الاسلام اور پاک چائنا انوسٹمنٹ کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر لی پنگ نے اسٹریٹجک معاہدے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے سے نہ صرف میزان بینک اور پاک چائنا انویسٹمنٹ کمپنی فائدہ اٹھائیں گے بلکہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان معاشی و تجارتی تعاون بڑھانے اور انفرادی، ایس ایم ای، کمرشل، کارپوریٹ اورچائنا ایڈوائزری اینڈ انویسٹمنٹ خدمات کو فروغ دینے میں بھی مدد ملے گی۔