کوئٹہ (جیوڈیسک) میگا کرپشن کیس کے ملزمان مشتاق رئیسانی اور خالق آباد کے اکائونٹینٹ اقبال کو نیب نے 14 روز کا ریماںڈ پورے ہونے پر احتساب عدالت میں پیش کر دیا اور عدالت سے مزید 14 روزہ ریمانڈ حاصل کر لیا ہے۔
نیب بلوچستان نے میگا کرپشن کیس کے ملزمان مشتاق رئیسانی اور خالق آباد کے اکائونٹینٹ اقبال کو 14 روزہ ریمانڈ پورا ہونے پر احتساب عدالت میں پیش کیا اور مزید 14 روزہ ریمانڈ کی استدعا کی جس پر عدالت کے جج عبدالمجید ناصر نے ملزمان کو مزید 14 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔
اس موقع پر مشتاق رئیسانی نے عدالت کو بتایا کہ ان کی دائیں آنکھ میں تکلیف سے ڈاکٹر نے ٹیسٹ کرانے کا مشورہ دیا ہے جو ایک ہفتے سے نہیں کرایا جا رہا ، مشتاق رئیسانی نے فیملی کو ہفتے میں دو بار ملاقات کرانے کی بھی اپیل کی ۔ دوسری جانب اکائونٹینٹ ندیم اقبال کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل ندیم اقبال کو گردے کا مرض لاحق ہے۔
اس حوالے سے سرجری بھی کی گئی ہے ، زیر حراست طبی سہولیات فراہم کی جائے جس پر تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ ملزم کو تمام تر سہولیات فراہم کی جا رہی ہے ۔ نیب بلوچستان ملزمان کو 14 روزہ ریمانڈ کے بعد 28 جون کو دوبارہ عدالت میں پیش کرے گی ۔ مشتاق رئیسانی کے گھر سے 65 کروڑ روپے کی برآمدگی پر اسے نیب نے 6 مئی کو گرفتار کیا تھا۔