اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے بلا خوف وخطر اپنا کام جاری رکھے جب کہ میگا کرپشن کا ہر کیس منتقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں این جی اوز کی آن لائن رجسٹریشن کی پالیسی پر پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے اس حوالے سے عید کے بعد پالیسی بنانے کا فیصلہ کیا گیا جب کہ اجلاس کے موقع پر وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہم کبھی دباؤ میں آئے اور نہ آئیں گے، ایف ائی اے بلا خوف و خطر اپناکام جاری رکھے اور اب برسوں کے بجائے ہفتوں میں کیس کی پیش رفت ہونی چاہیے تاکہ عدالتوں میں ہر لحاظ سے مکمل چالان پیش کیے جائیں۔
چوہدری نثار علی نے کہا کہ ماضی میں ملکی خزانہ بے دردی سے لوٹا گیا لیکن اب زیر تفتیش کیسز میں انصاف کے تقاضے پورے ہوں گے اور میگا کرپشن کا ہر کیس منطقی انجام تک پہنچا جائے گا۔
وزیر داخلہ نے غیر قانونی طورپر بیرون ملک مقیم افسران اور اسٹاف کی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں فوری واپس بلانے کا حکم دیا جب کہ چیرمین نادرا کو ہدایت دی کہ آئندہ صاف اور شفاف پالیسی اور میرٹ کی بنیاد پر اہلکاروں کی بیرون ملک تعیناتی کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے ڈی جی پاسپورٹ اور متعلقہ حکام کو بیگ لاگ ایک ماہ میں کلیئر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکم عدولی کرنے والے اہلکاروں کی تنخواومراعات یکم اگست سے بند کر دیں گے۔