میگا پولیٹن سٹی کراچی میں 1979ء کا سکڑتا بلدیاتی نظام عوامی تکالیف میں اضافہ اور شہر کو مسائلستان بنا دے گا ۔نشاط ضیاء قادری

Nishat Zia Qadri

Nishat Zia Qadri

کراچی: حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا ہے کہ دنیا کا پھیلتا ہوا شہر میگا پولیٹن سٹی کراچی میں 1979ء کا سکڑتا بلدیاتی نظام عوامی تکالیف ،مشکلات میں اضافہ اور شہر کو مسائلستان بنا دے گا ،سندھ کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لئے شہری اور دیہی عوام کے باہمی مشاورت کے ساتھ نچلی سطح تک عوامی سہولیات کی فراہمی کے لئے فعال بلدیاتی نظام کا نفاذ کیا جائے تاکہ سندھ کے شہری اور دیہی علاقوں میں یکساں ترقی اور عوام کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنا ئی جاسکے۔

ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے شاہ فیصل زون بلدیہ شرقی کے فوکل پرسن اسلم پرویز اور متعلقہ افسران کے ہمراہ شاہ فیصل زون بلدیہ شرقی یونین کونسل نمبر1کے علاقے شاہ فیصل کالونی نمبر4اور ناتھا خان گوٹھ میں خصوصی صفائی مہم کے حوالے سے جاری کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کیا نشاط ضیاء قادری نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ شہر کو کھنڈر ہونے سے بچانے اور عوام کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی ساتھ بلدیاتی ملازمین کو فاقہ کشی سے بچانے کے لئے بلدیاتی اداروں سے مالی بحران کا خاتمہ کرکے فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنا یا جائے۔

رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے بلدیاتی فرائض کی انجام دہی اور عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لئے بلدیاتی اداروں کو فنڈز فراہم نہ کئے گئے تو شہر کی ہر شاہراہ کچرے کے ڈھیر میں تبدیل اور عوام امراض کا شکار ہوجائیں گے ۔حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے صفائی وستھرائی کے حوالے سے شاہ فیصل زون میں جاری انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ بڑی شاہراہوں کے ساتھ اندرونی گلیوں میں بھی صفائی وستھرائی کے حوالے سے انتظامات بہتر بنا ئے جائیں۔

اس موقع پر شاہ فیصل زون بلدیہ شرقی کے فوکل پرسن اسلم پرویز نے رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری کو صاف ستھرے اور صحت مند ماحول کے قیام کے لئے شاہ فیصل کالونی میں جاری خصوصی صفائی مہم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ صفائی وستھرائی مہم کو عوامی تعاون کے ذریعے کامیاب بنا نے کے لئے حکمت عملی تیار کرکے اس کا باقائدہ آغاز کردیا گیا ہے انہوں نے بتا یا کہ صفائی وستھرائی کے ساتھ جراثیم کش ادویات کا چھڑکائو اور روشنی کی بحالی کے انتظامات کے حوالے سے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔