اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی احتساب بیورو نے ایک سو پچاس میگا سکینڈلز کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی، جس میں بتایا گیا ہے کہ موجودہ وزیر اعظم نواز شریف، سابق صدر زرداری، سابق وزرائے اعظم، وفاقی وزراء اور بیورو کریٹس کے خلاف کرپشن، اختیارات سے تجاوز کرنے پر ٹرائل جاری ہیں۔
نیب کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ موجودہ وزیر اعظم نواز شریف کیخلاف ایف آئی اے میں بھرتیوں اور اختیارات کے غلط استعمال سے متعلق ٹرائل جاری ہے ۔ سابق صدر آصف علی زرداری، چودھری شجاعت حسین، اسحاق ڈار کیخلاف آمدن سے زیادہ اثاثے بنانے پر ٹرائل نیب عدالتوں میں زیر سماعت ہیں ۔
میگا سکینڈلز کی رپورٹ میں سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اور پرویز اشرف کے نام بھی شامل ہیں ۔ یوسف رضا گیلانی کیخلاف اوگرا میں اختیارات کے غلط استعمال پر ٹرائل چل رہا ہے جبکہ راجہ پرویز اشرف کیخلاف رینٹل پاور منصوبوں میں اختیارات کے غلط استعمال پر ٹرائل احتساب عدالتوں میں زیر سماعت ہے ۔
سابق وزیر داخلہ آفتاب شیر پاؤ کیخلاف آمدن سے زیادہ اثاثے بنانے ، سابق وزیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان کیخلاف اختیارات کے غلط استعمال پر ٹرائل چل رہا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سابق سیکرٹری اطلاعات حسین حقانی کیخلاف ایف ایم ریڈیو کے غیر قانونی لائسنس اجراء پر ٹرائل جاری ہے۔
سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب اسلم ریئسانی، سابق بیورو کریٹس عبداللہ یوسف، سلمان صدیق کیخلاف بھی اختیارات سے تجاوز کرنے پر نیب عدالتوں میں کیس چل رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق اور سابق چیئرمین ای او بی آئی ظفر اقبال گوندل کیخلاف کرپشن کے مقدمات احتساب عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔