مہدی حسن کی بہوعمائمہ حسن نے گلوکاری شروع کر دی

Mehdi Hassan

Mehdi Hassan

لاہور (جیوڈیسک) شہنشاہ غزل مہدی حسن مرحوم کی بہواورعارف مہدی کی اہلیہ عمائمہ حسن نے نغمہ نگاری کے بعد گائیکی کے شعبے میں بھی قدم رکھ دیا۔ پاکستان اوربھارت کے معروف گلوکاروں کے ساتھ جلد ہی البم ریکارڈ کرینگی۔

دوسری جانب بھارتی میوزک کمپنی نے آڈیوالبم ریلیزکرنے کا گرین سگنل دیدیا۔اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے مہدی حسن کے صاحبزادے عارف مہدی نے بتایا کہ والد کی زندگی میں ہی میری اہلیہ نے بطورنغمہ نگارکام شروع کر دیا تھا۔ پاکستان اور بھارت کے بہت سے معروف گلوکار، عمائمہ حسن کے لکھے گیت اور غزلیں ریکارڈ کراچکے ہیں لیکن حالیہ دورہ بھارت کے دوران معروف غزل گائیک انوپ جلوٹا نے میری اہلیہ کے ساتھ غزل اور گیت ریکارڈ کروانے کی حامی بھرلی ہے۔

اس کے علاوہ پاکستان کے معروف گلوکار بھی البم میں عمائمہ کے ساتھ گیت ریکارڈ کروائینگے۔ اس موقع پر عمائمہ حسن کاکہنا تھا کہ یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ میں بین الاقوامی شہرت یافتہ غزل گائیک استاد مہدی حسن کی بہو ہوں اوراب میں ان کے مشن کو آگے لے کرچلنے کے لیے عملی طور پر گائیکی کے میدان میں اتر رہی ہوں۔ اس سلسلہ میں میری فیملی اور خاص طور پر خاوند کی مکمل سپورٹ حاصل ہے۔ انھوں نے کہا کہ میں نغمہ نگاری کے ساتھ ساتھ گلوکاری بھی باقاعدگی سے جاری رکھوں گی اور جلد ہی بھارت میں البم کی ریکارڈنگ کے لیے دوبارہ جاؤنگی۔