مہران مری مری قبیلے کے نئے سردار مقرر

Mehran Marri

Mehran Marri

کوئٹہ (جیوڈیسک) نواب خیر بخش مری کے قبائلی عمائدین نے اُن کے صاحبزادے نوابزادہ مہران مری کو مری قبیلے کا نیا سردار منتخب کیا ہے۔ اس سے قبل 20 جون کو کوئٹہ میں قبائلیوں کے ایک جرگے نے نوابزادہ جنگیز مری کو مری قبیلے کا سردار منتخب کیا تھا۔

تاہم جنگیز مری کے بھائیوں اور مرحوم نواب خیر بخش مری کے وفاداروں نے قبیلے کے سردار کی حیثیت سے اُن کی نامزدگی کو مسترد کردیا تھا۔ اُن کا کہنا تھا کہ جنگیز مری کو حکومت کے حامی قبائلی عمائدین کی جانب سے اسٹیبلشمنٹ کی ایماء پر منتخب کیا گیا ہے۔

تاہم اس ہفتے ہونے والی ایک میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ چونکہ نواب خیر بخش مری، مہران مری کو اپنے جانشین کے طور پر نامزد کر چکے ہیں، لٰہذا اُن کی وصیت کی روشنی میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ نوابزادہ مہران مری کو مری قبیلے کا نیا سردار منتخب کیا جائے۔

اس موقع پر قبائلی عمائدین نے مہران مری کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے بلوچوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والے قبائل پر زور دیا کہ وہ مری قبیلے کے نئے سربراہ کے ساتھ تعاون کریں۔

بلوچ ری پبلکن پارٹی کے سربراہ اور نواب اکبر بگٹی کے پوتے نوابزادہ براہمداغ بگٹی نے اس فیصلے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مہران مری کو مری قبیلے کا نیا سردار منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

مہران مری کے بڑے بھائی نوابزادہ غازین مری نے بھی فیصلے کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ مہران مری کو اُن کے مرحوم والد کے ساتھیوں کی مکمل حمایت حاصل ہو گی۔ غازین مری کے مطابق ‘مہران مری نواب خیر بخش مری کے حقیقی پیروکار ہیں۔