اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سابق رکن اسمبلی میاں طارق محمود سمیت دیگر رہنماؤں نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ میاں طارق محمود پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر 2013ء کے انتخابات میں حلقہ این اے 98 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے، انہوں نے گزشتہ دنوں اپنے دو ساتھی ایم پی ایز کے ساتھ ن لیگ کو چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔
میاں طارق محمود نے آج پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ساتھ ملاقات میں پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا اور ان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔
میں گجرانوالہ سے ن لیگ کے ممبر قومی اسمبلی، میاں طارق کو تحریک انصاف میں خوش آمدید کہتا ہوں۔ ان کا حکمران پارٹی چھوڑ کر تحریک انصاف میں شامل ہونا ن لیگ کی گرتی ساکھ اور تحریک انصاف کی عوام میں بڑھتی مقبولیت کا واضح ثبوت ہے۔ انشاءاللہ آنے والا دور تحریک انصاف کا ہے۔
دوسری جانب سابق ایم این اے جواد حسن اور حنیف پتافی نے بھی تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔ جواد حسن اور حنیف پتافی کی بنی گالہ میں عمران خان سے ملاقات ہوئی۔
خیال رہے کہ جواد حسن اورکزئی ایجنسی سے ایم این اے رہ چکے ہیں جبکہ تحریک انصاف میں شامل ہونے والے حنیف پتافی کا تعلق ڈی آئی خان سے ہے۔