کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن اسلم آفریدی نے فرنٹیئر کالونی میں واقع طاہری مسجد کا دورہ کرکے قاری عثمان اور مولانا عمر صادق سے ملاقات کی اور دستی بم پھٹنے سے متاثرہونے والے مدرسے کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے معاون اظہار احمد خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اسلم آفریدی نے مدرسے میں دستی بم پھٹنے کے واقعہ کی تفصیلات معلوم کیں اور اس المناک واقعہ میں مدرسے کے تین طالبعلموں کی شہادت اور متعدد طالب علموں کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا۔
انہوں نے قاری عثمان اور مولانا عمر صادق کو دستی بم پھٹنے کے افسوسناک واقعہ پر قائد تحریک جناب لطاف حسین کی جانب سے تعزیت وہمدردی کاپیغام بھی دیا۔ دریں اثناء اسلم آفریدی نے عباسی شہید اسپتال کر جاکر دستی بم پھٹنے سے زخمی ہونے والے مدرسے کے طالبعلموں کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔
انہوں نے ڈاکٹرز اور اسپتال کے عملے کو ہدایت کی کہ وہ زخمی بچوں کے علاج و معالجہ میں کسی قسم کی کسر باقی نہ چھوڑیں۔ اس موقع پر انہوں نے زخمی بچوں سے دلی ہمدردی کااظہار کرتے ہوئے ان کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔ دریں اثناء رکن رابطہ کمیٹی سیف یار خان نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پر لسانی جماعت ہونے کے الزامات لگانے والوں کو وقت نے غلط ثابت کر دیا ہے۔
آج کے اجتماع میں پاکستان کی تمام قومیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی موجودگی اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ ایم کیو ایم ملک بھر کے مظلوم اور پسے افراد کی نمائندہ جماعت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لال قلعہ گراوٴنڈ عزیزآباد میں کراچی مضا فاتی آرگنائزنگ کمیٹی کی مرکزی کابینہ کی تنظیم نو کے سلسلے میں منعقدہ جنرل ورکرز اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا