ارکان اسمبلی بھیڑ بکریوں کی طرح بک رہے ہیں، اکرم خان درانی

Akram Khan Durrani

Akram Khan Durrani

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر ہاوسنگ اینڈ ورکس اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں ارکان اسمبلی بھیڑ بکریوں کی طرح بک رہے ہیں، لوگوں کو بچانے کے لئے ہم قوانین میں کتنی ترمیم کریں گے اور آئین کا حلیہ بگاڑیں گے۔ ہمیں آئین نہیں لوگوں کو درست کرنا ہوگا۔ اکرم خان درانی نے اسلام آباد میں الحیات فاونڈیشن کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب میں کہا ہے کہ سیاسی جماعتیں ایسے افراد کو سینیٹ کا ٹکٹ ہی کیوں دیتی ہیں جو ارکان کو خریدنا چاہتے ہیں، پہلے یہ کیوں نہیں دیکھتے کہ جماعت کے نظریہ سے ان کی وابستگی ہے یا نہیں۔

سینئر صحافی سلیم صافی نے خطاب میں کہا کہ اسلام ہمیں رواداری اور ضمیر کے مطابق فیصلہ کرنے کا درس دیتا ہے۔ کیوں برطانیہ میں ایک ووٹ کی اکثریت سے پانچ سال تک حکومت قائم رہتی ہے۔ لیکن آج کیوں ہماری اسمبلیوں میں منڈی لگی ہے۔ ایک مسلمان دوسرے کا ضمیر پیسے کےعوض خرید رہا ہے۔

چیئرمین الحیات فاونڈیشن شہاب الدین نے کہا کہ مذہب کی بنیاد پر تفریق نہیں برتی جاسکتی۔ یہاں پر بنیادی انسانیت اجاگر کریں، ایک دوسرے کے ساتھ امن سے رہنا سیکھیں، اس نکتے کے ساتھ کہ سب ایک خدا کی مخلوق اور آدم کی اولاد ہیں۔ فلسطین کے سفیر نے سیمینار سے خطاب میں کہا کہ فلسطین میں انسانی حقوق غصب کر رکھے ہیں اورعالمی برادری نے آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔