اسلام آباد (جیوڈیسک) ارکان اسمبلی کے لیے الیکشن کمیشن میں مالی اثاثے جمع کرانے کا آج آخری دن ہے۔ اب تک 8 سو 11 ارکان پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی نے تاحال اپنے اثاثوں کی تفصیلات الیکشن کمیشن کو جمع نہیں کرائیں۔
وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے گوشوارے جمع کرا دیے ہیں مگر عمران خان سمیت پنجاب ، سندھ اور خیبر پختونخوا کے وزرائے اعلیٰ نے اثاثوں کی تفصیلات ابھی تک جمع نہیں کرائیں۔ الیکشن کمیشن نے سینیٹ ، قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے ارکان کو 30 ستمبر تک اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔
سینیٹ کے 55 ، قومی اسمبلی کے 140 پنجاب کے 63 ، سندھ کے 53 ، خیبر پختونخوا کے 34 اور بلوچستان کے 15 ارکان نے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرائیں۔ خورشید شاہ، شاہ محمود قریشی ، شیخ رشید ، مولانا فضل الرحمان،اعتزاز احسن، فاروق نائیک، برجیس طاہر، وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالمالک نے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرادی ہیں۔
پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا کے وزرائے اعلی ٰنے بھی ابھی تک اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرائیں۔ الیکشن کمیشن 15 اکتوبر کو ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والے ارکان کی رکنیت معطل کردے گا۔