اسلام آباد (جیوڈیسک) الیکشن کمشن کے چار ارکان کی مدت ملازمت گزشتہ روز ختم ہو گئی جس کے بعد الیکشن کمشن عملاًغیر فعال ہو گیا ہے الیکشن کمشن کے چاروں صوبوں کے نمائندہ ارکان نے 13 جون 2011 کو اپنے عہدے کا حلف لیا تھا۔
ان کی مدت 12 جون کو ختم ہو رہی ہے لیکن 10 جون الیکشن کمشن میں ان کا آخری ورکنگ ڈے تھا پنجاب سے الیکشن کمشن کے رکن جسٹس (ر) ریاض کیانی نے اپنی مدت ملازمت ختم ہونے سے پہلے رخصت لے لی تھی حال ہی میں پارلیمنٹ نے ایک قانون کی منظوری دی ہے جس کے تحت الیکشن کمشن کے ارکان کی تقرری کا طریقہ کار تبدیل کر دیا گیا ہے۔
وزارت پارلیمانی امور نے سپیکر کو ایک خط بھی لکھا تھا کہ وہ الیکشن کمشن کے ارکان کی تقرری کے لئے ایک پارلیمانی کمیٹی تشکیل دیں لیکن ابھی تک اس سلسلے میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔