منڈھول (نمائندہ) مردوں اور خواتین کو مل کر تحریکِ آزادی کو کامیابی کی طرف لے جانا ہو گا۔ بھارت کے مختلف شہروں میں کشمیری طلباء کو ہراساں کرنے کی مذمت کرتے ہیں۔ لبریشن فرنٹ عوام کے بنیادی حقوق اور آزادی کی جدوجہد کو ساتھ لیکر چل رہا ہے۔لبریشن فرنٹ شعبہ خواتین کی راہنما محترمہ صغریٰ حسین بخاری کی طرف سے منڈھول میں خواتین کیلئے میٹرنٹی ہوم قائم کرنے کا اعلان۔خواتین آزادی کی تحریک کا بھرپور ساتھ دیں۔ مکمل آزادی ہی سماجی تبدیلی کی بنیاد بنے گی۔
لبریشن فرنٹ شعبہ خواتین کے سیمینار سے سربراہ شعبہ خواتین طاہرہ توقیر، صغریٰ حسین بخاری، فاطمہ حسنین، ڈاکٹر توقیر گیلانی،ملک مشتاق پاشا اور دیگر کا خطاب۔ تفصیلات کے مطابق جموں کشمیر لبریشن فرنٹ شعبہ خواتین کے زیرِ اہتمام برطانیہ سے آئی ہوئی شعبہ خواتین کی راہنما محترمہ صغریٰ حسین بخاری کے اعزاز میں منڈھول میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
سیمینار کی صدارت شعبہ خواتین کی مرکزی کنوینر محترمہ طاہرہ توقیر نے کی جبکہ سٹیج سیکریٹری کے فرائض سمیرہ فاطمہ نے انجام دیے۔اس موقع پر لبریشن فرنٹ ضلع پونچھ کے قائم مقام صدر سردار ہارون، ضلعی جنرل سیکریٹری شازیب بٹ،تحصیل ہجیرہ کے صدر سردار نزاکت حسین ، کے آر ڈی ایف کے نمائندے سردار نفیس،لبریشن فرنٹ اور سٹوڈنٹس لبریشن فرنٹ کے راہنما سردار فیاض،ملک ذوالفقار،نعمان کشمیری،قاضی منیر،سید ریاض الحسن گیلانی اور دیگر بھی موجود تھے۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے لبریشن فرنٹ شعبہ خواتین کی سربراہ محترمہ طاہرہ توقیر ، مہمانِ خصوصی صغریٰ حسین بخاری، لبریشن فرنٹ کے زونل صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی، لبریشن فرنٹ فرانس کے صدر ملک مشتاق پاشا ، محترمہ فاطمہ حسنین بخاری اور دیگر مقررین نے کہا کہ تحریکِ آزادی کی کامیابی کیلئے ضروری ہے کہ ریاست بھر کے مرد و خواتین ملکر اس جدوجہد کو آگے بڑھائیں۔مقررین نے کہا کہ نام نہاد آزاد کشمیر میں روایتی سیاست دانوں نے گزشتہ 69سال میں عوام کے فنڈز عوام پر خرچ کرنے کے بجائے اپنی جائدادیں بنائیں اور لوٹ مار کو فروغ دیا جسکے باعث آج آزاد کشمیر کے عوام غربت، معاشی جبر اور پسماندگی کا شکار ہیں۔
مقررین نے کہا کہ نام نہاد سیاستدانوں کی بد اعمالیوں کے باعث ہمارے نوجوان وطن چھوڑنے پر مجبور ہیں اور روزگار کی تلاش میں عرب کے ریگستان چھان رہے ہیں جس کی وجہ سے تحریکِ آزادی کوناقابلِ تلافی نقصان پہنچ رہا ہے۔مقررین نے کہا کہ مادرِ وطن کے سینے پر کھنچی ہوئی منحوس سیز فائر لائن پر زندگی انتہائی دشوار ہے اور سیز فائر لائن کے آس پاس رہنے والی خواتین انتہائی برے حالات میں اپنی زندگیاں گزار رہی ہیں۔مقررین نے کہا کہ ریاست بھر میں سماجی بہتری کیلئے اور ہماری آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کیلئے ضروری ہے کہ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے پرچم تلے تحریکِ آزادی کو مضبوط کیا جائے۔مقررین نے کہا کہ لبریشن فرنٹ کا شعبہ خواتین تحریکِ آزادی میں بہت اہم کردار ادا کر رہا ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ ریاست کی خواتین آگے بڑھ کر اس جدوجہد میں برابر کی حصہ دار بنیں اور اپنی نسلوں کی بہتری کی جدوجہد میں باوقار انداز سے اپنا کردار ادا کریں۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی محترمہ صغریٰ حسین بخاری نے کہا کہ ہماری خواتین زندگی کے ہر شعبہ میں جہاں اپنا مضبوط کردار ادا کر رہی ہیں وہیں تحریکِ آزادی میں بھی اب خواتین کا کردار نمایاں ہونا شروع ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی زیرِ انتظام کشمیر میں لبریشن فرنٹ کا شعبہ خواتین جس انداز سے متحرک ہے اس پر میں محترمہ طاہرہ توقیر اور انکی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔انہوں نے منڈھول میں مدر ویلفیئر آرگنائزیشن اور لبریشن فرنٹ شعبہ خواتین کے زیرِ اہتمام میٹرنٹی ہوم اور کلینک قائم کرنے کا اعلان کیا اور پیر سید ولایت حسین شاہ گیلانی کے خاندان کی طرف سے ایک کنال زمین عطیہ کرکے کاغذات لبریشن فرنٹ کے حوالے کیے۔اس موقع جموں کشمیر لبریشن فرنٹ فرانس کے صدر ملک مشتاق پاشا نے میٹرنٹی ہوم کی تعمیر کیلئے ایک لاکھ روپے نقد عطیہ کیے۔سیمینار کے اختتام پر لبریشن فرنٹ کے سپریم ہیڈ جناب امان اللہ خان کی صحتیابی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔