کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قائد الطاف حسین نے سینیٹ انتخابات پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور اپیل کی ہے کہ ملک کو درپیش صورتحال سے بچانے کے لیے سپریم کورٹ آگے آئے۔ ایم کیو ایم کی جانب سے جاری بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ اس وقت ملک کو سینیٹ کے انتخابات کے حوالے سے پیدا ہونے والے تنازع کا سامنا ہے۔ ایک جانب کہا جارہا ہے کہ ووٹرز کی شناخت محفوظ رکھنے کے لیے رائے شماری خفیہ ہونی چاہیے جبکہ دوسری جانب اس بات پر زور دیا جارہا ہے کہ کھلی رائے شماری ہو یا ہاتھ اٹھا کر رائے شماری کروائی جائے۔
الطاف حسین نے مزید کہا کہ معاملے کے حل کے لیے آئینی ترمیم لانے کی کوشش کی گئی تو عددی نمبروں کے باعث معاملہ حل ہونے کے بجائے مزید بگڑ جانے کا خدشہ ہے۔ ایم کیو ایم کے قائد کا مزید کہنا تھا کہ چونکہ سپریم کورٹ، آئین پاکستان کی سرپرست اور محافظ ہے اس لیے چیف جسٹس اور سپریم کورٹ کے دیگر ججز سے اپیل ہے کہ وہ از خود نوٹس لے کر سینیٹ انتخابات کے لیے مناسب طریقہ کار طے کریں۔ سپریم کورٹ کے رول نمبر 32 کے تحت ایک کمیشن کا تقرر کیا جائے، جو ملک کو موجودہ بحران سے نکالنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ ا نھوں نے اپیل کی ہے کہ سپریم کورٹ آگے بڑھ کر اس مسلئے کو حل کرے۔