اسلام آباد (جیوڈیسک) سکھر میں وزیراعظم نواز شریف کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا اگر وزیراعظم ٹیکس نہیں دیتا تو کوئی بھی ٹیکس نہیں دیتا۔ میاں صاحب جواب دینے کے بجائے مختلف شہروں کے دورے کر رہے ہیں۔ میاں صاحب سیدھا جواب دے دیں کہ پیسہ باہر کیسے بھیجا۔
کہتے ہیں کہ دھرنے والوں نے ترقی روک دی اسکا کیا تعلق ہے ترقی سے۔ جمہوریت میں احتجاج سب کا حق ہے دہشت گردی کیسے ہو گئی؟ ۔ عمران خان نے کہا حکومت بلیک میل نہیں کرتی مجرموں کو پکڑتی ہے۔ جمہوری ملکوں کے وزراء اعظم نے استعفیٰ دیا۔ ایک طرف آپ کی کرپشن بچاؤ مہم ہے تو دوسری طرف پورا ملک ہے۔
میاں صاحب حسنی مبارک یا صدام حسین نہیں جو ہم رائیونڈ نہیں جا سکتے۔ کہتے ہیں ضمیروں کے سوداگر اپوزیشن کو خریدنے کی کوشش کریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا اپوزیشن کے ٹی او آرز کی بنیاد پر وزیراعظم کے ساتھ میرا بھی احتساب کر لیں۔
عمران خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان پر تنقید کرتے ہوئے کہا مولانا صاحب آپ کرپشن بچاؤ تحریک میں کیسے چلے گئے؟۔ اکرم درانی کو چیلنج کرتے ہوئے کہا اکیلے آئیں انتظار کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا خواتین سے آئندہ بدسلوکی نہیں ہونے دیں گے۔
ہم لاہور اور اسلام آباد واقعہ پر تحقیقات کر رہے ہیں کل رپورٹ آجائے گی۔ 20 تاریخ تک ایسی تیاری کر رہے ہیں کہ خواتین پورے کارڈن میں ہونگی۔ عمران خان نے کہا خیبر پختونخوا میں تعلیم اور صحت کے شعبوں کو ٹھیک کر رہے ہیں۔