جرمنی (اصل میڈیا ڈیسک) جرمنی میں کورونا وائرس کی وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پورے ملک میں نافذ لاک ڈاؤن میں اکتیس جنوری تک کے لیے توسیع کر دی گئی ہے۔
یہ فیصلہ چانسلر انگیلا میرکل کی صدارت میں ہونے والے ایک طویل آن لائن اجلاس میں کیا گیا، جس میں تمام سولہ وفاقی صوبوں کے وزرائے اعلیٰ بھی شریک ہوئے۔ اس فیصلے کے تحت حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔
اب ایک ہی گھر میں رہنے والے افراد کو اپنے گھرانے سے باہر ایک وقت پر صرف کسی ایک ہی فرد سے ملاقات کی اجازت ہو گی۔ اس کے علاوہ وبا سے زیادہ متاثرہ علاقوں کے رہائشی اپنے گھروں سے پندرہ کلو میٹر سے زیادہ دور نہیں جا سکیں گے۔ اس دوران تمام اسکول، کنڈر گارٹن اور تجارتی مراکز بند رہیں گے۔