ہر پاکستانی 90 ہزار کا مقروض ہو چکا ہے :تحریک انصاف

Mian Mahmood-ur-Rasheed

Mian Mahmood-ur-Rasheed

لاہور (جیوڈیسک) اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمود الرشید نے کہا کہ ہر پاکستانی 90 ہزار کا مقروض ہو چکا ہے اور 162 کھرب 35 ارب قرضوں کاکے ٹو ” روز بروز بلند ہو تا چلا جا رہا ہے جبکہ حکمران سب اچھا کا راگ الاپتے پھر رہے ہیں ، موجودہ حکمرانوں نے قرض لینے کے سابق حکومتو ں کے تما م ریکا رڈز توڑ دئیے ہیں۔ 65 سالوں میں اتنا قرض نہیں لیا گیا جتنا نااہل حکمرانوں نے 2سالوں میں لیا۔ گزشتہ روز اپنے دفتر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بحران لیگ کے درباری سارا دن تحریک انصاف پر تنقید کرکے اپنے آقاؤں کو خوش کرنے میں لگے رہتے ہیں۔

مزید برآں تحریک انصاف ضلع لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر تحریک انصاف کا موقف دو ٹوک اور حقیقت پسندانہ ہے، عمران خان جیسا لیڈر ہی کسی بھی عالمی فورم پر آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کر سکتا ہے۔ دریں اثنا عبدالعلیم خان نے مختلف ٹاؤنز کے صدور سے ہونے والی ملاقاتوں میں پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ دریں اثنا تحریک انصاف پنجاب کے صوبائی صدر اعجاز احمد چوہدری نے کشمیری عوام کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ تحریک انصاف کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، کشمیری شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، پاکستانی عوام کے دل کشمیری عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔