میسی، میراڈونا اور پیلے جیسا عظیم فٹبالر بننے سے 1 فتح دور

Messi, Maradona, Pele

Messi, Maradona, Pele

ساؤ پاؤلو (جیوڈیسک) ارجنٹائن کے لیونل میسی، میراڈونا اور پیلے جیسا عظیم فٹبالر بننے سے ایک فتح دور رہ گئے، جرمنی کے خلاف اتوار کو کامیابی 4 بار کے فٹبالر آف دی ایئر کوآل ٹائم سپر اسٹار بنادے گی۔

دریں اثنا ڈوپ ٹیسٹ کی وجہ سے میسی کا نیدرلینڈز کے خلاف جیت کا جشن ادھورا رہ گیا، سیمی فائنل میں فتح کو حادثے میں ہلاک ہونے والے ہموطن اسپورٹس صحافی کے نام کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق لیونل میسی کیلیے رواں ورلڈ کپ اب تک خوش قسمت ثابت ہوا، وہ اپنی ٹیم کو فائنل تک پہنچانے میں کامیاب رہے اور اب ان کے اور سونے کی ٹرافی کے درمیان مزید ایک فتح حائل ہے، اگر میسی اپنی ٹیم کو 1986 کے بعد پہلی مرتبہ چیمپئن بنوانے میں کامیاب ہوگئے تو پھر وہ بھی برازیل کے پیلے اور اپنے ہموطن ڈیگو میرا ڈونا جیسے آل ٹائم سپراسٹارز کی فہرست میں شامل ہوجائیں گے۔

میسی نے بارسلونا کی جانب سے کئی کارنامے انجام دے اور چار مرتبہ فٹبالر آف دی ایئر کا اعزاز بھی اپنے نام کیا، مگر ابھی تک ان کے نام کے آگے ورلڈ چیمپئن درج نہیں ہوا، دلچسپ بات یہ ہے کہ میسی نے گذشتہ روز اپنے ملک کی جانب سے 92 واں میچ کھیلا، اس طرح وہ میراڈونا کو پیچھے چھوڑ کر ارجنٹائن کے سب سے زیادہ انٹرنیشنل میچز کھیلنے والے فٹبالرز کی فہرست میں چھٹے نمبر پر آگئے ہیں۔ میسی کی حوصلہ افزائی کیلیے اسٹیڈیم میں ان کی گرل فرینڈ اور بچے کی ماں انتونیلا بھی موجود تھیں۔

نیدرلینڈز کیخلاف فتح کا میسی ڈوپ ٹیسٹ کی وجہ سے جشن نہیں منا پائے انھیں نمونے دینے کیلیے جانا پڑا۔ انھوں نے ٹویٹر پر اس بات کی تصدیق کی کہ ان کا ڈوپ ٹیسٹ بھی ہوا ہے۔ بعد ازاں میسی نے نیدرلینڈز کے خلاف پنالٹی شوٹس پر ملنے والی فتح کارحاثے میں ہلاک ہونے والے ہموطن اسپورٹس صحافی جارج لوپیز کے نام کی، میسی 38 سالہ لوپیز سے کافی قریب سمجھے جاتے تھے، انھوں نے گذشتہ روز میڈیا سے بات چیت میں انتہائی جذباتی انداز میں کہا کہ ’ میرے دوست یہ کامیابی خاص کر تمھارے لیے ہے۔