اسلام آباد (جیوڈیسک) محکمہ موسمیات نے اگلے دو سے تین روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی پڑنے اور درجہ حرارت بڑھنے کی پیش گوئی کر دی۔ اگلے ہفتے بالائی علاقوں میں پری مون سون بارشوں کا امکان ہے۔
ملک کے بیشتر علاقے آج کل شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، اگلے دو تین روز میں گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گا۔ اگلے ہفتے ملک کے بالائی علاقوں کشمیر، بالائی پنجاب اور بالائی خیبر پختونخوا میں پری مون سون بارشوں کا آغاز ہو گا۔ ہفتہ سے سوموار کے دوران بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے دریاﺅں میں پانی کے بھاﺅ میں اضافے کا امکان ہے جس سے تربیلہ ڈیم میں پانی کی آمد میں خاطر خواہ اضافے کی توقع ہے۔
گزشتہ روز ملک کے بیشتر علاقوں موسم تیز گرم اور خشک رہا اور سب سے زیادہ درجہ حرارت دادو، نورپور تھل، رسالپور میں پینتالیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے اس دوران زیریں سندھ اور مکران کے ساحلی علاقوں میں چند مقامات پر آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ بحیرہ عرب میں بننے والے سمندری طوفان نانوک ٹو اے کی شدت میں کمی آ گئی۔