اسلام آباد (جیوڈیسک) محکمہ موسمیات پر عوام کا رہا سہا اعتبار بھی جاتا رہا۔ پشاور میں آنے والے طوفان نے محکمہ موسمیات کی جدید ٹیکنالوجی سے لیکر پیش گوئی کے نطام تک سب کی قلعی کھول دی۔ محکمہ موسمیات نے پشاور کے حوالے سے پیش گوئی تو کی مگر بات گرج چمک کے ساتھ بارش سے آگے نہ بڑھ سکی۔
ایسے میں کسی بھی ناگہانی صورت حال سے نمٹنے کے لیے قائم کیا گیا ادارہ بھی موسم کے تیور سے بالکل لاعلم رہا۔ نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے محکمہ موسمیات نے طوفان آنے کے بعد ایڈوائزری جاری کی کہ طوفان آ گیا اور تباہی مچا گیا۔
اس صورتحال پر ماہرین کا کہنا ہے کہ مغربی ممالک کے برعکس پاکستان میں محکمہ موسمیات کے پاس ایسا کوئی نظام موجود نہیں جو طوفان اور موسم کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر درست پیش گوئی کر سکے۔ محکمہ موسمیات کی کارکردگی میں بہتری موسم کی درست پیش گوئی کرنے والے جدید آلات کے بغیر ممکن نہیں۔