اسلام آباد (جیوڈیسک) مغربی ہواؤں کا جادو برقرار ہے کالی گھٹائیں گزرے چوبیس گھنٹوں کے دوران بھی وقفے وقفے سے برستی رہیں۔
کہیں جل تھل ایک ہوا کہیں رم جھم نے سماں باندھا۔ ٹھنڈی ہواؤں نے بھی موسم کی رنگینیاں بڑھا دیں۔ راولپنڈی اور اسلام آباد میں شام کے وقت بادل پھر برس پڑے۔ خنکی بڑھی تو پارہ بھی گر گیا۔ سردی لوٹی تو شہری بھی کھل اٹھے۔ لاہور میں آسمان پر بادلوں کی آنکھ مچولی سحر طاری کرتی رہی۔
فیصل آباد میں تیز بارش کے ساتھ ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی۔ پشاور میں بھی آسمان سے برستے پانی نے ہر چیز کو نہلا دیا۔ گزرے چوبیس گھنٹوں کے دوران راولپنڈی میں سب سے زیادہ ستاون ملی میٹر بارش ہوئی، اسلام آباد میں انچاس، کاکول میں تینتالیس، مالم جبہ میں سینتیس اور مری میں چوبیس ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق بارشوں کا ایک اور سلسلہ بدھ کی رات پاکستان میں داخل ہوگا جس کے باعث چھ سات اور آٹھ مارچ کو بادل جم کر برسیں گے۔