محکمہ موسمیات کی 29 رمضان کو عید کا چاند نظر آنے کی پیش گوئی

Eid

Eid

اسلام آباد (جیوڈیسک) عید الفطر کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس تو 29 ویں روزے کو ہو گا لیکن محکمہ موسمیات نے ابھی سے 29 روزوں کی پیش گوئی کر دی ہے۔ محکمہ موسمیات نے خوشخبری دی ہے کہ اس بار انتیس روزے ہونے کا قوی امکان ہے ، چھ جولائی بروز بدھ کو عید ہو سکتی ہے۔

عید کی چھٹیوں کے لیے پانچ سے آٹھ جولائی کی سمری بھیجی گئی ہے ۔ یعنی سرکاری ملازمین اگر پیر کی چھٹی لے لیں تو انہیں جمعتہ الوداع سے اگلے اتوار تک نو چھٹیوں کا بڑا عید پیکج ملے گا۔

چھوٹی عید کی بڑی چھٹیوں کا لطف اٹھانے کے لیے مختلف شہروں سے ٹرینوں کی بکنگ جاری ہے اور بس اڈوں پر بھی ایڈوانس بکنگ کرائی جارہی ہے۔ دوسری طرف عید الفطر کے موقع پر پاکستان ریلوے نے دس خصوصی ٹرینیں چلانے کا بھی اعلان کیا ہے جبکہ ریلوے کرایوں میں 25 فیصد کمی کی گئی ہے۔

ریلوے حکام کی جانب سے عید الفطر کے لئے پہلی ٹرین تین جولائی کو کراچی سے پشاور کے لئے روانہ ہوگی جبکہ آخری ٹرین دس جولائی کو راولپنڈی سے کوئٹہ روانہ ہو گی۔