کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے میٹرک کے امتحانی مراکز کے اطراف حفاظتی انتظامات کے حوالے سے موثر اقدامات کے ساتھ صاف ستھرا صحت مند ماحول کا قیام یقینی بنا نے کی ہدایت کرتے ہوئے بلدیاتی افسران سے درسگاہوں کے اطراف قائم تجاوزات غیر قانونی تعمیرات ،وال چاکنگ کے خاتمے کے ساتھ اسکولوں اور کالجوں کے اطراف سے کچرا کنڈیوں کو ہٹانے کی ہدایت کی ہے۔
ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے بلدیاتی افسران کے ہمراہ شاہ فیصل کالونی میں درسگاہوںکا تفصیلی دورہ کرکے میٹرک کے امتحانی مراکز پر بلدیاتی سہولیات اور امتحانی مراکز کے اندر طلباء و طالبات کو درپیش مسائل کا معائنہ کرتے ہوئے کیا رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے متعلقہ افسران اور ذمہ داران کو ہدایت کی کہ دوران امتحان طلباء وطالبات کو پر امن ماحول کی فراہمی کو یقینی بنا نے کے لئے امتحانی مراکز پر حفاظتی انتظامات کو بہتر بنایا جائے۔
مراکز پر طلباء وطالبات کو پینے کے پانی کی فراہمی کے علاوہ مکھی مچھروں کے خاتمے کے لئے جراثیم کش ادویات کا اسپرے تمام امتحانی مراکز پر انجام دیا جائے۔حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے شاہ فیصل کالونی کے مختلف اسکولوں اور کالجوں کے اطراف تجاوزات غیر قانونی تعمیرات اور سڑکوں کی ذبو حالی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ بلدیاتی افسران کو ہدایت کی کہ تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خاتمے کو یقینی بنا یا جائے اور درسگاہوں کے اطراف صفائی وستھرائی اور سڑکوں کی تعمیر ومرمت کے کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر انجام دیکر طلباء وطالبات کو درپیش مسائل سے چھٹکارہ دلا یا جائے۔