میکسیکو (جیوڈیسک) جنوبی امریکی ملک میکسیکو میں جمعرات کی شب میں آنے والے شدید زلزلے میں ہونے والی ہلاکتیں نوے تک پہنچ گئی ہیں۔ اس طاقتور زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 8.1 ریکارڈ کی گئی تھی۔
کئی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکوں سے بے شمار عمارتیں تباہی سے دوچار ہوئی تھیں۔ سب سے متاثرہ میکسیکن ریاست اوکساکا ہے، جہاں ہلاک شدگان کی تعداد اکہتر ہے۔ اس کے علاوہ ایک اور ریاست چیاپاس میں مرنے والوں کی تعداد پندرہ بتائی گئی ہے۔
حکام کے مطابق ابھی بھی ملبہ ہٹانے کا سلسلہ جاری ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا امکان ہے۔ تباہی سے دوچار علاقوں کی کئی عمارتیں شکستہ ڈھانچہ بن کر رہ گئی ہیں۔